بھارت نے سرحدپراشتعال انگیزی کے بعد بھارتی ہندئوں کو مذہبی رسومات کی ادائیگی کیلئے پاکستان آنے سے روکدیا

200کے قریب ہندو زائرین نے تین روزہ مذہبی رسومات کی ادائیگی کیلئے کل واہگہ باڈر کے راستے پاکستان پہنچنا تھا

ہفتہ 26 نومبر 2016 13:57

بھارت نے سرحدپراشتعال انگیزی کے بعد بھارتی ہندئوں کو مذہبی رسومات ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 نومبر2016ء) بھارت نے سرحدپراشتعال انگیزی کے بعد بھارتی ہندئوں کو مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لئے پاکستان آنے سے روکدیا ،200کے قریب ہندو زائرین نے تین روزہ مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لئے کل اتوار کے روز واہگہ باڈر کے راستے پاکستان پہنچنا تھا ۔متروکہ وقف املاک بورڈ نے ہندو زائرین کی آمد کی مناسبت سے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کر رکھے تھے ۔

(جاری ہے)

چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ صدیق الفاروق اور پاکستان انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ نے بھی بھارتی ہندئوں کے دورہ پاکستان منسوخ ہونے کی تصدیق کی ہے ۔صدیق الفاروق نے بتایا کہ ہندو زائرین کے دورے کی منسوخی کی وجہ پاکستان اور بھارت کے درمیان سرحد پر جاری کشیدگی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ہم نے بھارتی زائرین کو ویزے جاری کردئیے تھے لیکن ان کی اپنی حکومت نے انہیں پاکستان جانے سے روک دیا ہے۔ بتایاگیا ہے کہ دونوں ممالک میں تعلقات بہتر ہونے کی صورت میں ہندو یاتری اب فروری میں شیو راتری کے موقع پر کٹاس راج آئیں گے۔واضح رہے کہ ہندو یاتری سال میں دو بار کٹاس راج آتے ہیں ان کا پہلا دورہ فروری جبکہ دوسرا نومبر میں ہوتا ہے۔

متعلقہ عنوان :