ڈی آئی جی ہزارہ کی زیر صدارت ہزارہ ریجن کے تمام ڈی پی اوز کی ماہانہ کرائم میٹنگ کا انعقاد

پیر 5 دسمبر 2016 21:09

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2016ء) ڈی آئی جی ہزارہ محمد سعید خان کی زیر صدارت ہزارہ ریجن کے تمام ڈی پی اوز کی ماہانہ کرائم میٹنگ کا انعقاد ہوا جس میں تمام ڈی پی اوز نے اپنے اپنے اضلاع کی کرائم کارکردگی پیش کی۔ ڈی آئی جی نے تمام ڈی پی اوز کی کارکردگی کو سراہا اور تسلی بخش قرار دیا۔

(جاری ہے)

ڈی پی او سے بات چیت کرتے ہوئے محمد سعید خان نے کہا کہ ڈی پی اوز اپنے اپنے اضلاع کی پبلک لیزان کمیٹی کی کارکردگی کو مزید بہتر بنائیں اور خاص کر خاندانی دشمنیوں کے خاتمہ اور کوئی بھی حادثہ رونما ہونے سے پہلے بہترین حکمت عملی اپناتے ہوئے حالات کو کنٹرول کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ قتل کے ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے، ملزمان اشتہاری کو چار دن کے اندر گرفتار کر کے ریجن آفس میں رپورٹ پیش کی جائے۔ سی آر وی ایس اور وی وی ایس کے کام کو مزید بہترین اور تیز کیا جائے، جو پولیس ملازمین اپنے فرائض منصبی احسن طریقہ سے سرانجام نہیں دیتے ان کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے، ہزارہ بھر میں سود کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف کریک ڈائون کیا جائے اور ایسے افراد کو گرفتار کرکے ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔