یو ایس ایڈ پاکستان ریڈنگ پراجیکٹ کی طرف سے قراقرم انٹر نیشنل یونیورسٹی کے 25 طلباء میں میرٹ سکالرشپس تقسیم

منگل 6 دسمبر 2016 16:25

گلگت ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2016ء) قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی کے 25طلباء کو یو ایس ایڈ پاکستان ریڈنگ پراجیکٹ کی طرف سے میرٹ سکالرشپ تقسیم کئے گئے۔ سکالرشپ کے چیک ڈین لائف سائنسز پروفیسر ڈاکٹر عارف النساء نقوی نے تقسیم کئے۔اس سلسلے میں سکالرشپ تقسیم تقریب منعقد کی گئی ،جس میں ڈین لائف سائنسز کے علاوہ ڈین سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر محمد رمضان، رجسٹرار عبدالحمید لون، پراجیکٹ کی جانب سے ابراہیم بیگ، الماس ندیم اور شیرازاللہ بیگ نے شرکت کی۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈین لائف سائنسز پروفیسر ڈاکٹر عارف النساء نقوی نے کہا کہ طلباء اپنی تعلیمی سرگرمیوں میں محنت کو اپنا شعار بنائیں اور ہر روز کا آغاز اچھی منصوبہ بندی کے ساتھ کرنے کی عادت اپنائیں۔

(جاری ہے)

پروفیسر ڈاکٹر محمد رمضان نے یوایس ایڈ کے تعاون سے جاری سرگرمیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 2010سے 2014تک کے عرصے میں یونیورسٹی کے 58طلبہ و طالبات میں میرٹ سکالرشپس تقسیم کئے گئے ہیں، جن میں سے 2 بیچ اپنی ڈگری مکمل کرچکے ہیں جبکہ2 بیچ کو سکالرشپس جاری ہیں۔

پاکستان ریڈنگ پراجیکٹ کے ابراہیم بیگ نے کہا کہ ہائرایجوکیشن کمیشن نے خاص طور پر ابتدائی کلاسوں میں ریڈنگ کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے حالیہ سال اے ڈی ای اور بی ایڈ آنرز کے کورسسز میں ریڈنگ کو متعارف کروانے کی منظوری دی ہے۔ انہوں نے طلباء پر زور دیا کہ وہ مستقبل کے اساتذہ ہیں لہذا انہیں چاہئے کہ ریڈنگ کی اہمیت کو بخوبی سمجھیں تاکہ پڑھنے سیکھنے کی مہارتوں کو بچوں میں منتقل کرسکیں۔

متعلقہ عنوان :