ْ نیا امتحانی نظام متعارف کرانے کیلئے پنجاب یونیورسٹی اور اباکس کنسلٹنٹس کے مابین معاہدہ

بدھ 7 دسمبر 2016 17:54

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2016ء) پنجاب یونیورسٹی اور اباکس کنسلٹنٹس کے درمیان نئے ایگزمینیشن مینجمنٹ سسٹم کے سلسلے میں ایک معاہد ہ تشکیل پایا ہے ۔ اس سلسلے میںرجسٹرار آفس کے کمیٹی روم میں منعقدہ تقریب میں پنجاب یونیورسٹی کی جانب سے قائم مقام خزانہ دار رائو محمد شریف جبکہ اباکس کنسلٹنٹس کی جانب سے مینجنگ ڈائریکٹرعباس خان نے دستاویزات پر دستخط کئے ۔

اس موقع پرکنٹرولر امتحانات پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر، ایڈیشنل کنٹرولر رئوف نواز، ایڈیشنل کنٹرولر شاہد جاوید، ایڈیشنل ٹریژر رائو طاہر، ڈائریکٹر آئی ٹی عمران قریشی اور ڈپٹی رجسٹرار جلیل طارق بھی موجود تھے۔ نئے سافٹ وئیر میں ایگزامینیشن کے ساتھ ساتھ رجسٹریشن برانچ، ایفیلیشن برانچ اور اکاوئنٹس برانچ بھی منسلک ہوں گی۔

(جاری ہے)

نئے سسٹم کے تحت الحاق شدہ اداروں کے ساتھ آن لائن رابطہ کی سہولت، طلبہ کیلئے آن لائن فیسیں جمع کرانے کی سہولت، امتحانی داخلہ فارم /رجسٹریشن فارم آن لائن جمع کرانے کی سہولت، سند کے حصول /تصدیق و معلومات کی سہولت اور اہم معلومات جیسے رول نمبر، امتحانی مراکز، امتحانی نتائج و دیگر کا حصول بذریعہ ایس ایم ایس ممکن ہوگا۔

نئے امتحانی نظام کے باعث اغلاط سے مبرا اور بروقت نتائج کو ممکن بنایا جائے گا۔ نئے سسٹم کے باعث امیدوار کو یونیورسٹی کم ہی آنا پڑے گاجس سے امیدوار کے وقت کی بچت ہو گی۔نئے امتحانی نظام سے شعبہ امتحانات نئے اور پرانے داخلہ فارم کو سکین کر کے ڈیجیٹل طور پر محفوظ بھی کر سکے گا جس سے تمام ریکارڈ محفوظ ہو جائے گا۔

متعلقہ عنوان :