یو ای ٹی لاہورہفتہ انسدادِ کرپشن کے سلسلے میں تقریری مقابلہ کا انعقاد

جمعہ 9 دسمبر 2016 23:25

لاہور۔9 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2016ء) یونیورسٹی آف انجنیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور میں ہفتہ انسدادِ کرپشن کے سلسلے میں ایک تقریری مقابلہ منعقد ہوا جس میں اساتذہ، انتظامیہ اور طلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر امور طلبا یوای ٹی لاہورپروفیسر ڈاکٹر آصف علی قیصر نے کہا کہ کرپشن اور دیگر منفی رجحانات کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر رہنا ہوگا تاکہ من الحیث القوم شفافیت، تشخص اور نیک نامی کو مضبوط کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ عوام الناس کی ضروریات اور توقعات کو احسن طریقے سے پورا کرنے کی تگ و دو جاری رہنی چاہئے۔ اس اجتماعی سوچ سے کرپشن جیسے ناسور کا نہ صرف بڑے پیمانے پر خاتمہ ممکن ہو سکے گا بلکہ ادارے قوانین میں رہ کر اپنی خدمات کے ذریعے اپنے آپکو مستحکم کر سکیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ کرپشن ایک بہت بڑا اور اہم مسئلہ ہے جسے خود اعتمادی اور باضمیر خدمات کے ذریعے ہی حل کیا گا سکتا ہے اور پاکستان کو اس سے نجات دلانا ہمارامقصد ہونا چاہیئے تاکہ آئندہ نسل اس پر فخر کرے اور اپنی مثبت سوچ کے ذریعے متعلقہ شعبوں میں فرائض سرانجام دے سکے ۔

طلبہ مقررین نے اپنی اپنی تقاریر میں بھی اس بات پر زور دیا کہ کرپشن سے پاک ماحول کی ترویج اور اسکی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیئے تاکہ نظام صحیح طریقے سے فعال ہو کر عوام االناس کے مسائل کو حل کر سکے۔

متعلقہ عنوان :