ْاکادمی ادبیات کی جانب سے بڑے ادبی ایوارڈ ’’کمال فن ایوارڈ 2015‘‘ کا اعلان آج کیا جائے گا

پیر 12 دسمبر 2016 23:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2016ء) اکادمی ادبیات پاکستان کی جانب سے بڑے ادبی ایوارڈ ’’کمال فن ایوارڈ 2015‘‘ کا اعلان آج (منگل) 13 دسمبر بوقت 11:30 بجے صبح اکادمی ادبیات پاکستان کے دفتر واقع H-8/1 پطرس بخاری روڈ اسلام آباد میں کیا جائے گا۔ کمال فن ایوارڈ ادب کے لئے ملک کے اہم ترین ایوارڈز میں شمار کیا جاتا ہے۔

ایوارڈ کا اعلان پاکستان کے معتبر و مستند اہل دانش پر مشتمل مصنفین کے فیصلے کے مطابق کیا جائے گا۔ کمال فن ایوارڈ کا اعلان ملک کے معتبر اہل قلم پر مشتمل کمیٹی کرے گی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ’’قومی ادبی ایوارڈز 2015ء‘‘ کا اعلان بھی کیا جائے گا جس میں سال 2015ء میں شائع ہونے والی بہترین کتابوں پر اردو نظم کیلئے ’’ڈاکٹر علامہ محمد اقبال ایوارڈ ‘‘ ،اردو نثر کیلئے ’’بابائے اردو ڈاکٹر مولوی عبدالحق ایوارڈ‘‘ ،پنجاب کیلئے ’’سید وارث شاہؒ ایوارڈ‘‘ ،سندھی کیلئے ’’شاہ عبداللطیف بھٹائی ایوارڈ‘‘ ،پشتو کیلئے ’’خوشحال خان خٹک ایوارڈ‘‘ ،بلوچی کیلئے ’’مست توکلی ؒ ایوارڈ‘‘ ،سرائیکی کیلئے ’’خواجہ غلام فریدؒ ایوارڈ‘‘ ،براہوئی کیلئے ’’تاج محمد تاجل ایوارڈ‘‘، ہند کو کیلئے ’’سائیں احمد علی ایوارڈ‘‘ اور انگریزی کیلئے ’’پطرس بخاری ایوارڈ‘‘ کے علاوہ ترجمہ کی بہترین کتاب کیلئے ’’محمد حسین عسکری ایوارڈ‘‘ کا اعلان بھی کیا جائے گا۔