برسبین ٹیسٹ میں پاکستان نے شکست کے باوجود کئی ریکارڈ ز اپنے نام کر لئے

پاکستانی ٹیم نے دوسری اننگز میں 450 رنز بنائے جو ٹیسٹ کرکٹ کی چوتھی اننگز میں پاکستان کا سب سے بڑا اسکور ہے پاکستان کی آسٹریلیا میں لگاتار دسویں شکست ،کسی بھی ٹیم کی بیرون ملک کسی ایک ٹیم کیخلاف مسلسل شکستوں کی سب سے بڑی تعداد ہے

پیر 19 دسمبر 2016 19:07

برسبین ٹیسٹ میں پاکستان نے شکست کے باوجود کئی ریکارڈ ز اپنے نام کر لئے

برسبین (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 دسمبر2016ء) پاکستانی ٹیم آسٹریلیا کیخلاف دوسری اننگز میں 450 رنز بنانے کے باوجود شکست سے تو نہ بچ سکی لیکن کئی ریکارڈ اپنے نام کر گئی۔برسبین میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی ٹیم نے دوسری اننگز میں 450 رنز بنائے جو ٹیسٹ کرکٹ کی چوتھی اننگز میں پاکستان کا سب سے بڑا اسکور ہے۔اس سے قبل چوتھی اننگز میں پاکستان کا سب سے بڑا اسکور 382 رنز تھا جو اس نے 2015 میں پالے کیلی میں سری لنکا کے خلاف بنایا تھا اور فتح اپنے نام کی تھی۔

صرف یہی نہیں بلکہ چوتھی اننگز میں محض دو مرتبہ پاکستان سے زیادہ رنز اسکور ہوئے، انگلینڈ نے 80 سال قبل جنوبی افریقہ کے خلاف 954 رنز بنائے تھے جبکہ نیوزی لینڈ نے 451 رنز بنائے تھے۔یہ پاکستان کی آسٹریلیا میں لگاتار دسویں شکست ہے جو کسی بھی ٹیم کی بیرون ملک کسی ایک ٹیم کے خلاف مسلسل شکستوں کی سب سے بڑی تعداد ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان کی آخری چار وکٹوں نے 230 رنز جوڑے جو ہدف کے تعاقب میں کسی بھی ٹیم کی سب سے عمدہ کارکردگی ہے، اس سے قبل 2002 میں انڈیا نے 227 رنز بنا کر یہ ریکارڈ قائم کیا تھا۔

پاکستان کی ان چار وکٹوں میں تین نصف سنچری سے زیادہ کی شراکتیں قائم ہوئیں جو اپنے آپ میں ایک انوکھا واقعہ ہے، اس سے قبل ہدف کے تعاقب میں کرکٹ میں آج تک چار وکٹوں میں سے تین نے نصف سنچریاں نہیں بنائیں۔ اسد شفیق کی اس اننگز کے دوران بنائی گئی سنچری ان کی چھٹے نمبر پر نویں سنچری ہے جو ایک عالمی ریکارڈ ہے۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ ویسٹ انڈیز کے سر گار فیلڈ سوبرز کے پاس تھا جنہوں نے چھٹے نمبر پر کھیلتے ہوئے آٹھ سنچریاں بنائی تھیں۔

ہدف کے تعاقب میں چھٹے نمبر پر کھیلتے ہوئے یہ تیسرا بڑا اسکور ہے، سب سے بڑا اسکور 149 آسٹریلیا کے ایڈم گلکرسٹ نے پاکستان کے خلاف بنایا اور اس فہرست میں دوسرا بڑا اسکور ڈینیئل ویٹوری کا ہے جنہوں نے 140 رنز بنائے تھے۔پاکستان کی ہپلی اور دوسری اننگز میں رنز کے درمیان فرق 308 رنز کا رہا جو پاکستان کی پہلی اور دوسری اننگز کے درمیان تیسرا بڑا فرق ہے، اس سے قبل برج ٹاؤن میں پاکستانی ٹیم 106 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی لیکن پھر حنیف محمد کی یادگار ٹرپل سنچری کی بدولت دوسری اننگز میں آٹھ وکٹ پر 657 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کردی تھی۔

متعلقہ عنوان :