پانامالیک نے پاناما لیگ کوپاتال میں گرادیا،رہنما پیپلز پارٹی اشرف بھٹی

جمعرات 22 دسمبر 2016 20:59

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 دسمبر2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین کے مرکزی رہنما محمد اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ پانامالیک نے پاناما لیگ کوپاتال میں گرادیا ۔ ہماری قیادت کوبدنام کرنیوالے خودبے نقاب ہوگئے، جولوگ پیپلزپارٹی کیخلاف شورمچاتے رہے وہ خودبڑے چورنکلے ۔شریف خاندان کے مالیاتی سکینڈل کامنظرعام اوران کاانصاف کے کٹہرے میں آنامکافات عمل ہے ۔

اگرحکمرانوں نے کسی چمک کی بدولت خودکو قانون کی گرفت سے بچابھی لیا توقدرت کے غضب سے انہیں کوئی نہیں بچاسکتا۔وہ نادرآبادمیں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کررہے تھے ۔محمداشرف بھٹی نے مزید کہا کہ شریف برادران نے دوران سیاست ہمیشہ پیپلزپارٹی کی قیادت کیلئے گڑھا کھودامگرآج خودگہری کھائی میں گرے پڑے ہیں اوران کے چودھری نثارعلی خان جیسے ساتھی انہیں بچانے کی بجائے ڈبونے کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑرہے ۔

(جاری ہے)

اگرمیاں نوازشریف مردم شناس ہوتے توچودھری نثارعلی خان ان کی کابینہ کاحصہ نہ ہوتا ۔انہوں نے کہا کہ دوفوجی آمروں کے دورمیں جس وقت پیپلزپارٹی کے جیالے آمرانہ ہتھکنڈوں کاسامنا کررہے تھے اس وقت چودھری نثارعلی خان نے جی بھر کے اقتداراورسرکاری مراعات کامزالیا ۔میاں نوازشریف کی طرح چودھری نثارعلی خان بھی فوجی ڈکٹیٹر ضیاء الحق کی باقیات میں سے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چودھری نثارعلی خا ن کاکردارمشکوک اورمتنازعہ ہے ،وہ قابل اعتماد نہیں لہٰذاء انہیں حساس منصب سے فوری ہٹایا جائے ۔اگر 27دسمبر تک چودھری نثارعلی خان مستعفی نہیں ہوتے تومیاں نوازشریف اپناآئینی اختیار استعمال کرتے ہوئے موصوف کووزارت سے برطرف کردیں ورنہ پیپلزپارٹی کی بھرپوراحتجاجی تحریک کاسامنا کرنے کیلئے تیار رہیں۔