وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس،گریٹر اقبال پارک کے امور چلانے کیلئے خود مختار اتھارٹی بنانے کا فیصلہ

شاہی قلعہ ،بادشاہی مسجد اورحضوری باغ کو بھی اتھارٹی کے ماتحت کرنے کا جائزہ،جلد حتمی تجاویز پیش کرنے کی ہدایت گریٹر اقبال پارک پاکستان کا سب سے بڑا تاریخی اورتفریحی پارک ہے،پارک سے شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہوا ہے‘شہبازشریف گریٹر اقبال پارک کی فول پروف سکیورٹی ہر صورت یقینی بنائی جائے،سکیورٹی کا آڈٹ کر کے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت

منگل 27 دسمبر 2016 19:33

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 دسمبر2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا،جس میںگریٹر اقبال پارک کے مختلف امور کا جائزہ لیاگیا۔اجلاس میں گریٹر اقبال پارک کے امور چلانے کیلئے خود مختار اتھارٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا،اتھارٹی پارک کے تمام امور کی ذمہ دارہوگی۔اجلاس میں شاہی قلعہ ،بادشاہی مسجد اورحضوری باغ کو بھی اتھارٹی کے ماتحت کرنے کی تجاویز کا جائزہ لیاگیااوروزیراعلیٰ نے اس ضمن میں ہدایت کی کہ اس سلسلے میں جلد حتمی تجاویز پیش کی جائیں۔

وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گریٹر اقبال پارک پاکستان کا سب سے بڑا تاریخی اورتفریحی پارک ہے اس لئے یہاں آنے والے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ سہولتوں کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ شاہی قلعہ کو رات کو لائٹس کے ساتھ جگمگانے کیلئے بھی فوری اقدامات کیے جائیںاورگریٹر اقبال پارک کی فول پروف سکیورٹی ہر صورت یقینی بنائی جائے ۔

انہوںنے کہاکہ سکیورٹی کیلئے 24گھنٹے سی سی ٹی وی کیمروں سے نگرانی کی جائے ۔سکیورٹی سسٹم کا آڈٹ کر کے رپورٹ پیش کی جائے اورپارک کی صفائی کا معیار ہر قیمت پر برقراررکھا جائے ۔انہوں نے کہا کہ پارک میں آنے والوں کو بھی صفائی کی اہمیت سے آگاہ کیا جائے۔ اجلاس میںگریٹر اقبال پارک میں ہر سال شاندار میلہ کرانے کافیصلہ کیاگیا۔انہوں نے کہا کہ ہارٹیکلچر سکول کاقیام جلد عمل میں لانے کیلئے اقدامات کیے جائیں ۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ گریٹر اقبال پارک کے عظیم منصوبے نے لاہور کی خوبصورتی میں اضافہ کیاہے اوراس پارک میںعالمی معیار کے بہترین تفریحی اورسیاحتی سہولتیں مہیا کی گئی ہیں ۔وزیراعلیٰ نے مزید ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ پارک میں آنے والوں کے لئے پارکنگ کی بہترین سہولتیں یقینی بنائی جائیں اورگریٹر اقبال پارک کو خوب سے خوب تر بنانے کیلئے انفرادیت کیساتھ اقدامات کیے جائیںاورپارک میں فوڈ کورٹس کو آؤٹ سورس کیا جائے ۔

ڈی جی پی ایچ اے نے گریٹر اقبال پارک کے امور کے بارے میں بریفنگ دی۔صوبائی وزراء ملک ندیم کامران ،بلال یاسین،مسلم لیگ(ن) کے سینئر رہنماء خواجہ احمد حسان،ڈی جی والڈ سٹی کامران لاشاری،وائس چیئرمین پی ایچ اے افتخار احمد ،کمشنر لاہورڈویژن اورمتعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔