پاکستان بحرین کو اپنا قریبی دوست اور بااعتماد شراکت دار تصور کرتا ہے، ہمارے دوطرفہ تعلقات کی جڑیں مشترکہ تاریخ، ثقافتی رشتوں اور مضبوط عوامی روابط سے جڑی ہوئی ہیں

وزیراعظم محمد نواز شریف کی نیشنل گارڈ آف بحرین کے کمانڈر سے گفتگو

منگل 3 جنوری 2017 17:40

پاکستان بحرین کو اپنا قریبی دوست اور بااعتماد شراکت دار تصور کرتا ہے، ..

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جنوری2017ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان بحرین کو اپنا قریبی دوست اور بااعتماد شراکت دار تصور کرتا ہے، ہمارے دوطرفہ تعلقات کی جڑیں مشترکہ تاریخ، ثقافتی رشتوں اور مضبوط عوامی روابط سے جڑی ہوئی ہیں۔ انہوں نے یہ بات نیشنل گارڈ آف بحرین کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان الخلیفہ سے منگل کو وزیراعظم ہائوس میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان بحرین کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور مارچ 2014ء میں شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ کا دورہ یادگار تھا جس نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کی نئی راہیں کھولیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ بحرین میں پاکستانی برادری دونوں برادر ممالک کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کرتی ہے اور پاکستان اور بحرین کی ترقی و خوشحالی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

نیشنل گارڈ کے کمانڈر نے پرتپاک استقبال پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ کی طرف سے نیک خواہشات پہنچائیں۔ انہوں نے کہا کہ بحرین اور پاکستان برادر ممالک ہیں اور قریبی اقتصادی و تجارتی روابط کے فروغ سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید پھلے پھولیں گے۔ وزیراعظم نے پاکستان کیلئے کنگ حمد نرسنگ یونیورسٹی کے فراخدلانہ تحفہ پر شاہ حمد بن عیسیٰ کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے اس منصوبہ کا سنگ بنیاد رکھنے کیلئے پاکستان کا دورہ کرنے پر بھی ان کا شکریہ ادا کیا۔ لیفٹیننٹ جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ نے کہا کہ مشترکہ وزارتی کمیشن کیلئے مشترکہ اقتصادی کونسل کی مجوزہ اپ گریڈیشن دوطرفہ روابط کے فروغ کیلئے مثبت پیشرفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوری 2017ء کے تیسرے ہفتے میں پاکستانی نیول چیف کا بحرین کا دورہ دوطرفہ نیول تعاون کے فروغ میں اہم ہو گا۔

متعلقہ عنوان :