پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت قربانیاں دی ہیں ، عالمی سطح پربھی سراہا جا رہا ہے،پاکستان دوسرے ممالک کے معاملات میں عدم مداخلت کی پالیسی پر عمل پیرا ہے

بھارت پاکستان کو سفارتی لحاظ سے عالمی سطح پر تنہا کرنے میں ناکام ہو گیا ہے وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی کی ٹی وی پروگرام میں گفتگو

ہفتہ 14 جنوری 2017 23:59

پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت قربانیاں دی ہیں ، عالمی سطح ..

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جنوری2017ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور خارجہ سید طارق فاطمی نے کہا ہے کہ پاکستان کی پالیسی دوسرے ممالک کے معاملات میں عدم مداخلت کی پالیسی ہے جس پر ہم عمل پیرا ہیں، پاکستان امریکہ سمیت تمام ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات چاہتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کو پاکستان ٹیلی ویژن کے ایک پروگرام ’’سچ تو یہ ہے‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ صدور کی تقریب حلف برداری میں بیرونی ممالک کے سربراہان کو بلانے کی امریکہ کی پالیسی نہیں لیکن نجی حیثیت سے کسی کو بھی بلایا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف ہمسائیوں کے ساتھ پرامن پالیسی پر یقین رکھتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ پاکستان کئی ممالک سے بہتر تعلقات کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے ، معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بہت قربانیاں دی ہیں جنہیں عالمی سطح پر سراہا بھی جا رہا ہے، ملک سے دہشت گردی کے جڑ سے خاتمے کے لیے آپریشن ضرب عضب شروع کیا گیا جو کامیابی سے جاری ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان کو یقین دلایا ہے کہ ہم اپنی سرزمین کسی کے خلاف بھی استعمال نہیں ہونے دیں گے، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کو سفارتی لحاظ سے عالمی سطح پر تنہا کرنے میں ناکام ہو گیا ہے، طارق فاطمی کا کہنا تھا کہ عالمی برادری اور کچھ بھارتی دانشور بھی اس بات کو مانتے ہیں کہ مقبوضہ کشمیر کی تحریک آزادی کشمیر یوں کی اپنے حق خود ارادیت کی اپنی ایک تحریک ہے، وزیراعظم محمد نواز شریف ہر اہم عالمی فورم پر مسئلہ کشمیر کو بھرپور طریقے سے اجاگر کر رہے ہیں تاکہ کشمیریوں کو ان کا بنیادی حق حق خود ارادیت مل سکے، ایک اورسوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور ایران کے مابین کشیدگی کے خاتمے میں پاکستان نے کلیدی کردار ادا کیا، ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری سمیت چین پاکستان کی متعدد شعبوں میں رہنمائی بھی کر رہا ہے جس سے آنے والے چند سالوں میں یہاں واضح تبدیلی نظر آئے گی اور ملک مزید ترقی کرے گا۔

متعلقہ عنوان :