گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے گورنر ہائوس لاہور میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی ملاقات

سی پیک پورے خطے کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگا، ملک کی مقامی صنعت نہ صرف صحیح سمت متعین گامزن ہوگی ‘اسحاق ڈار

اتوار 12 فروری 2017 18:42

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 فروری2017ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے گورنر ہائوس لاہور میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی سیاسی اور معاشی صورت حال، خصوصاً حکومت کی اقتصادی پالیسیوں کے اطراف اور مختلف ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اہم امور پر تبادلہٴ خیال کیا گیا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ معیشت کا استحکام حاصل کئے بغیر کوئی بھی ملک حقیقی خوشحالی کی منزل حاصل نہیں کرسکتا یہی وجہ ہے کہ حکومت کی تمام تر توجہ معیشت کی بہتری کی طرف گامزن ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب موجودہ حکومت نے 2013ء میں اقتدار سنبھالا تو ملک معیشت کے لحاظ سے بحران کا شکار تھا تاہم ساڑھے تین سالوں میں موجودہ حکومت نے اس صورتحال پر قابو پالیا ہے۔

(جاری ہے)

گورنر نے کہا کہ آج توانائی کے شعبوں میں بہتری آئی ہے، صنعتوں کو بلاتعطل بجلی فراہم کی جارہی ہے اور لوڈ شیڈنگ میں بھی خاصی کمی ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کے شعبے میں مثبت اعشاریوں کو عالمی اداروں نے بھی سراہا ہے اور اب بہتر اقتصادی پالیسیوں کے اثرات عام آدمی تک منتقل ہونا شروع ہو گئے ہیں۔

اس موقع پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے گورنر پنجاب کو عام آدمی کے معیار زندگی کی بہتری کے لئے شروع کیئے جانے والے مختلف پروگرام کے حوالے سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ سی پیک نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کے لئے گیم چینجر ثابت ہوگا، ملک کی مقامی صنعت نہ صرف صحیح سمت متعین گامزن ہوگی بلکہ کاروباری معیشت کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے بھی اہم کردار ادا کرے گا۔