جعلی ادویات کا کاروبار کرنے والے قوم اور انسانیت کے دشمن ہونے کی بناء پر کسی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں، وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری

اتوار 12 فروری 2017 22:52

کوئٹہ۔12فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 فروری2017ء) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے جعلی ادویات کے کاروبار میں ملوث عناصراورعطائی ڈاکٹروں کے خلاف جاری کارروائی کو مزید موثر بناتے ہوئے اس کا دائرہ کار وسیع کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان کی جانب سے محکمہ صحت کے ساتھ ساتھ ڈویژنل کمشنروں اور ڈپٹی کمشنروں کو جعلی ادویات کے گھناؤنے کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے اور انہیں قانون کی گرفت میں لانے کے لیے فعال کردار ادا کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ جعلی ادویات کا کاروبار کرنے والے قوم اور انسانیت کے دشمن ہونے کی بناء پر کسی قسم کی رعایت کے مستحق نہیںلہذا انہیں ان کے انجام تک پہنچانے میں کوئی کسر اٹھا رکھی نہیں جائے گی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ بلوچستان نے محکمہ صحت اور انتظامیہ کو یہ بھی ہدایت کی ہے کہ ان کاروائیوں کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے خصوصی سیل بھی قائم کئے جائیں تاکہ عوام اس مکروہ کاروبار میں ملوث عناصر کی نشاندہی کر سکیں۔

وزیراعلیٰ نے عوام الناس سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ بھی حکومتی اقدامات کو کامیابی سے ہمکنارکرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرتے ہوئے باشعور شہری ہونے کا ثبوت دیں۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ اہلکاروں بالخصوص محکمہ صحت میں اس حوالے سے ضلعی سطحی تک تعینات شدہ عملہ جن پر حکومت کروڑوں روپے صرف کرتی ہے اور جن کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ اس قسم کے گھناؤنے کاروبار پر نظر رکھیں اور ان کے خلاف کاروائی ان کا بنیادی مینڈیٹ ہے کوسختی سے انتباہ کیا کہ وہ کسی طور بھی ایسے عناصر کی پشت پنائی نہ کریں اور نا ہی کسی قسم کے دباؤ میں آئیں بصورت دیگر ان کیخلاف بھی تادیبی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

وزیر اعلیٰ نے مزید کہا ہے کہ جعلی ادویات کے خلاف کاروائی کے لیے قانون موجود ہے تاہم ضرورت پڑنے پر اس قانون کو مزید موثر اور سخت بنانے کے لیے قانون سازی بھی کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :