نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عمل درآمد کے لئے صوبوں کے تعاون کی ضرورت ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ آخری مراحل میں ہے، پاکستان ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف رہا ہے

وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی کی پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو

جمعرات 16 فروری 2017 18:28

نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عمل درآمد کے لئے صوبوں کے تعاون کی ضرورت ہے، ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 فروری2017ء) وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عمل درآمد کے لئے صوبوں کے تعاون کی ضرورت ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ آخری مراحل میں ہے، پاکستان ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف رہا ہے۔ جمعرات کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی کے خلاف سکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عوام نے بڑی قربانیاں دی ہیں۔

دہشت گردی کا سب سے زیادہ سامنا پاکستان کے عوام نے کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو کھلے عام پھانسیاں دی جائیں، ایران میں دہشت گردوں کو بجلی کے کھمبوں کے ساتھ لٹکایا جاتا ہے، اب وقت آ گیا ہے کہ دہشت گردوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کی جائے، اب مزید گنجائش نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عمل درآمد کے لئے صوبوں کے تعاون کی ضرورت ہے۔

دہشت گردی کے خلاف جنگ آخری مراحل میں ہے، پاکستان نے ہمیشہ دہشت گردی کی مخالفت کی۔ وزیر مملکت نے کہا کہ سیکورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو دہشت گردی کے خلاف مزید مضبوط کرنا ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ فوجی عدالتوں کو توسیع دینی چاہئے تاکہ دہشت گردوں کو سزائیں دی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف صف بندی کرنے کا وقت آ گیا ہے۔

ملک سے 90 فیصد دہشت گردی کی کمر ٹوٹ چکی ہے۔ اب ان کے تابوت کو دفن کرنے کا وقت آ گیا ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام اپنی مرضی سے کسی کے ساتھ الحاق کر سکتے ہیں۔ وزیر مملکت نے کہا کہ کشمیری دہشت گرد نہییں بلکہ وہ اپنی آزادی کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں، پاکستان نے ہمیشہ کشمیری عوام کا ساتھ دیا ہے اور کشمیر کی آزادی تک ساتھ رہے گا۔