لعل شہباز قلندردرگاہ میں خودکش دھماکا، 72افرادجاں بحق،200سےزائدزخمی ہوگئے

جاں بحق افرادمیں بچےاورخواتین بھی شامل ہیں،ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ،آرمی چیف کی ہدایت پرفوج اوررینجرزکےدستوں نے زخمیوں کوہسپتالوں میں منتقل کیا،پسماندہ علاقہ ہونے پرامدادی کاروائیوں میں تاخیرہوئی،صدرمملکت،وزیراعظم،آرمی چیف اورسیاسی جماعتوں کے قائدین کی دہشتگردحملے کی شدیدمذمت،پاک فوج دشمنوں کوکامیاب نہیں ہونے دے گی،خون کے ہرقطرے کافوری حساب لیں گے،آرمی چیف کی قوم کوپرسکون رہنے کی اپیل

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 16 فروری 2017 19:15

لعل شہباز قلندردرگاہ میں خودکش دھماکا، 72افرادجاں بحق،200سےزائدزخمی ..
جامشورو(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔16 فروری2017ء) : سیہون شریف میں لعل شہبازقلندردرگاہ کے احاطے میں خود کش دھماکاہواہے،دھماکے میں72افرادجاں بحق جبکہ200سے زائد افراد زخمی ہوگئے ہیں،ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔ میڈیارپورٹس کے مطابق پولیس حکام نے لعل شہبازقلندرکی درگاہ میں خودکش دھماکے کی تصدیق کردی ہے۔خودکش بمبارنے خودکولعل شہبازقلندرکے مزارکے گولڈن دروازے پرخود کواس وقت اڑا لیاجب دھمال جاری تھی۔

دھماکہ تقریبا7بجے کے قریب ہواہے۔دھماکے کے فوری بعد مقامی پولیس اور ریسکیوٹیمیں جائے حادثہ پرپہنچ گئی۔زخمیوں کوابتدائی طورپرسیہون شریف ہسپتال میں منتقل کیاگیا۔سیہون شریف ایک ایسا پسماندہ علاقہ ہے۔جوحیدرآباداور جامشوروسے کافی دورہے۔جس کے باعث امدادی کاروائیوں اورزخمیوں کو فوری ہسپتالوں میں منتقل کرنے میں مشکلات کاسامناکرناپڑا۔

(جاری ہے)

امدادی کاروائیوں میں مشکلات کے باعث چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمرجاوید باجوہ کی ہدایت پرپاک فوج اور رینجرزکے دستے طبی ٹیموں کے ہمراہ جائے دھماکہ پرپہنچے۔جبکہ زخمیوں کے فوری علاج و معالجے کیلئے سی ایم ایچ حیدرآبادمیں انتظامات بھی کیے گئے۔اسی طرح نوابشاہ سے زخمیوں کوپاک فضائیہ کے سی 130طیارے میں ہسپتالوں میں منتقل کیاگیا۔جبکہ وزیراعظم نوازشریف نے بھی دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے گورنرسندھ اور متعلقہ اداروں کوزخمیوں کوفوری ہسپتال منتقل کرنے ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ سندھ سیدمرادعلی شاہ نے کہاکہ ہمارے پاس رات کواڑانے والے ہیلی کاپٹرنہ ہونے کی بناء پرزخمیوں کوہسپتال منتقل کرنے میں تاخیرہوئی۔دوسری جانب دھماکے کے فوری بعد ملک بھرمیں حساس اور سرکاری عمارتوں کی سکیورٹی سخت کردی گئی۔سیہون شریف میں بھی سکیورٹی فورسزنے علاقے کوگھیرے میں لیکرجائے دھماکہ سے شواہداکٹھے کیے،سکیورٹی اداروں کی رپورٹ کے مطابق دھماکے کی نوعیت کااندازہ خود کش لگایاگیاہے۔

اطلاعات کے تحت جمعرات کوزائرین لعل شہبازقلندرکی درگاہ پربڑی تعدادمیں حاضری دیتے ہیں اور دھمال بھی ڈالی جاتی ہے۔آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے بہترین سپہ سالارہونے کاثبوت دیتے ہوئے سیہون شریف سمیت ملک میں جاری دہشتگردی کی حالیہ لہرمیں قوم کومایوس نہیں ہونے دیا۔آرمی چیف نے قوم سے پرامن رہنے کی اپیل ہی نہیں کی بلکہ دشمنوں کوواضح پیغام دیاکہ قوم کے خون کے ایک ایک قطرے کاحساب لیں گے،اب کسی کوکوئی چھوٹ نہیں ملے گی۔

آئی ایس پی آرکے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہا کہ بے گناہ جانوں کانہ صرف بدلہ لیاجائیگابلکہ فوری بدلہ لیاجائیگا۔سیہون شریف دھماکے کے باعث ملک بھرکی سرکاری عمارتوں اور حساس علاقوں کی سکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے۔ شہریوں کو دوران سفراپنے شناختی کارڈ اپنے ہمراہ رکھنے کی ہدایت بھی کی گئی۔ میڈیااطلاعات کے مطابق سیہون شریف میں خودکش دھماکے کی ذمہ داری داعش نے قبول کی ہے۔

متعلقہ عنوان :