میٹرک امتحانات سالانہ 2017ء کے انعقاد کے حوالے سے انتظامات مکمل کرلیے گئے ‘ رضا گیلانی

یکم مارچ سے شروع ہونے والے یہ امتحانات مقررہ شیڈول کے مطابق انتہائی شفاف اور منظم انداز میں منعقد ہوں گے‘صوبائی وزیر اعلیٰ تعلیم

ہفتہ 18 فروری 2017 18:01

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 فروری2017ء) صوبائی وزیر اعلیٰ تعلیم سید رضا علی گیلانی نے کہا ہے کہ میٹرک امتحانات سالانہ 2017ء کے انعقاد کے حوالے سے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ یکم مارچ سے شروع ہونے والے یہ امتحانات مقررہ شیڈول کے مطابق انتہائی شفاف اور منظم انداز میں منعقد ہوں گے، اس حوالے سے پولیس کے اشتراک سے امتحانی مراکز کی سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں گے تاکہ طالب علم مکمل اطمینان کے ساتھ امتحان دیں۔

یہ بات انہوں نے لاہور تعلیمی بورڈ میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں صوبہ بھر کے نو تعلیمی بورڈ ز کے چیئرمینوں کے علاوہ محکمہ اعلی تعلیم کے نمائندے بھی موجود تھے ۔اجلاس میں میٹرک امتحانات کے انعقاد کے حوالے سے کیے جانے والے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

مختلف تعلیمی بورڈ ز کے چئیرمینوں نے اپنے اپنے ادارے کی جانب سے کیے جانے والے انتظامات سے اجلاس کو آگاہ کیا۔

اس موقع پر اجلاس کو بتایا گیا کہ میٹرک امتحانات کا جامع سیکورٹی پلان تیار کر لیا گیا ہے۔ یہ امتحانات پولیس کی انتہائی کڑی نگرانی میں منعقد ہوں گے اور پولیس کی موبائل ٹیمیں امتحانی مراکز کے اردگرد گشت کریں گی۔تعلیمی بورڈ ز کی جانب سے امتحانی سٹاف کی ڈیوٹیاں لگادی گئی ہیںاور انہیں امتحان کے انعقاد کے طریقہ کار کے بارے میں ضروری تربیت بھی فراہم کر دی گئی ہے۔

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ امتحانی عملے اور طالب علموں کی سیکورٹی کا مکمل بندوبست ہو گا۔اس مقصد کے لیے ضلعی سطح پر کنٹرول روم قائم کیے جائیں گے، جو صورتحال کو مسلسل مانیٹر کریں گے۔ اسی طرح تعلیمی بورڈز کی موبائل ٹیمیں امتحانی مراکز پر اچانک چھاپے مارینگی،تا کہ شفافیت برقرار رہے۔ اس کے علاوہ صوبائی وزیر رضا گیلانی ، محکمہ اعلیٰ تعلیم ، چئیرمین اور کنٹرولر امتحانات کے دفاتر میں بھی میٹرک امتحانات کی متواتر مانیٹرنگ کا بندوبست ہو گا۔صوبائی وزیر رضا گیلانی نے ہدایت کی کہ تعلیمی بورڈز کے چئیرمین اور دیگر عملہ امتحانی عمل کی مسلسل نگرانی کے حوالے سے فعال رہیں، تاکہ طالب علموں کو کوئی مشکل پیش نہ آئے۔

متعلقہ عنوان :