پاکستان کا بارودی سرنگوں کے دھماکوں ، گھات لگاکر کیے گئے حملوں میں محفوظ رہنے والی خصوصی بکتر بند گاڑیوں کی تیاری کیلئے امریکی کمپنی سے معاہدہ

امریکی کمپنی نویستار ڈیفنس سے 3 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کا معاہدہ کیا گیا،خصوصی وہیکلز کی تیاری کا یہ منصوبہ اکتوبر 2018 تک مکمل ہوگا

بدھ 22 فروری 2017 22:11

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 فروری2017ء) پاکستان نے بارودی سرنگوں کے دھماکوں اور گھات لگاکر کیے گئے حملوں میں محفوظ رہنے والی خصوصی بکتر بند گاڑیوں کی تیاری کے لیے امریکی کمپنی سے معاہدہ کرلیا۔ہفت روزہ برطانوی دفاعی میگزین آئی ایچ ایس جینز ڈیفنس نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ پاکستان نے امریکی کمپنی نویستار ڈیفنس سے 3 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کا معاہدہ کیا ہے۔

اس معاہدے کے تحت نویستار ڈیفنس پاکستان کو 40 مائن ریزسٹنٹ ایمبش پروٹیکٹڈ (ایم آر اے پی)میکس پرو ڈیش ڈی ایکس ایم وہیکلز تیار کرکے دے گا۔میدان جنگ کے لیے تیار کی جانے والی اس گاڑی کی خصوصیت یہ ہے کہ یہ بارودی سرنگ کے دھماکے اور گھات لگاکر کیے گئے حملوں کے خلاف مزاحمت کی صلاحیت رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

میگزین کے مطابق امریکی ساختہ میکس پرو ڈیش افغانستان کے قندھار ایئرفیلڈ میں تعینات ہیں اور امریکی فوج نے نویستار ڈیفنس کو پاکستان کے لیے ایسی 40 گاڑیاں تیاری کرنے کا ٹھیکہ دیا ہے۔

جریدے کے مطابق پاکستان اور امریکی کمپنی کے درمیان یہ معاہدہ امریکی فارن ملٹری سیلز کنٹریکٹ کے تحت ہوا ہے جس میں متعدد سپورٹ آئیٹمز، کنٹریکٹر لاجسٹکس اور تکنیکی معاونت بھی شامل ہے۔خصوصی وہیکلز کی تیاری کا یہ منصوبہ اکتوبر 2018 تک مکمل ہوجائے گا جبکہ اس پروجیکٹ پر امریکی ریاست میسی سیپی کے علاقے ویسٹ پوائنٹ اور پاکستان میں کام کیا جائے گا۔

اس معاہدے کے لیے پیشکشوں کی درخواست انٹرنیٹ کے ذریعے طلب کی گئی تھیں جس کے ذریعے نویستار ڈیفنس کو کنٹریکٹ دیا گیا۔واضح رہے کہ پاکستان کو وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقوں (فاٹا)اور بلوچستان کے بعض علاقوں میں شدت پسندوں کی جانب سے مزاحمت کا سامنا ہے جو اکثر و بیشتر سکیورٹی فورسز کے قافلوں پر بارودی سرنگیں بچھا کر یا گھات لگاکر راکٹ حملے بھی کرتے رہتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :