اسلام آباد،حبس بے جا کیس پر کاروائی،تین نو عمر بچے برآمد

ضلعی عدالت نے تینوں بچوں کوحقیقی ماں کے حوالے کر دیا

پیر 27 فروری 2017 20:42

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 فروری2017ء)ضلعی عدالت اسلام آباد نے حبس بے جا کی درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے تین نو عمر بچے برآمد کرا کر حقیقی ماں کے حوالے کر دیئے۔ حبس بے جا کی درخواست بہارہ کہو کی ایک رہائشی امریز بی بی کی طرف سے ایڈیشنل سیشن جج جہانگیر اعوان کی عدالت میں دائر کی گئی۔

(جاری ہے)

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ امریز بی بی کو اس کے خاوند نے دوسری شادی کرنے کے بعد بچوں سمیت گھر سے نکال دیا اور بچوں کی پرورش کے لئے کوئی خرچہ نہ دیتا تھا، امریز بی بی نے عدالت سے رجوع کیا مگر خرچہ نہ ملا جس پر اس نے خلع دائر کر دی، عدالت سے ڈگری مل جانے پر اسکا شوہر غصہ ہو گیا اور امریز بی بی کی بہن کی رہائش پر آکر اس سے بچے بھی چھین لئے اور زدو کوب بھی کیا۔

فاضل جج نے درخواست پر سماعت کرتے ہوئے عدالتی بیلف مقرر کیا جو کہ درخواست گزار کے تین بچے، ارسلان ، آرزو اور عثمان کو اس کے شوہر محمد ابرار کی ناجائز تحویل سے برآمد کر لایا ۔ فاضل جج نے تینوں نو عمر بچوں کو انکی حقیقی والدہ کے حوالے کر دیا۔۔۔( علی/عدنان)