اوپن یونیورسٹی نے داخلوں کی تاریخ میں25۔مارچ تک توسیع کردی

پیر 6 مارچ 2017 17:55

اسلام آباد(آن لالائن( "علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر ،ْ پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے ملک کے مختلف حصوں سے طلبہ و طالبات کے مطالبے پر سمسٹر بہار 2017ء کے میٹرک سے پوسٹ گریجویٹ سطح تک کے پروگرامز کے داخلہ فارم بغیر لیٹ فیس جمع کرانے کی تاریخ میں ہفتہ25۔مارچ 2017ء تک توسیع کردی ہے۔ ڈاکٹر شاہد صدیقی نے کہا کہ حصول علم کے خواہشمند تمام افراد کو موقع فراہم کرنے اور ملک بھر سے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو تعلیمی نیٹ میں لانے کے لئے داخلوں کی تاریخ میں اضافہ کیا گیا ہے ۔

انہوں نے ملک بھر میں یونیورسٹی کے علاقائی دفاتر کے ریجنل ڈائریکٹرز کو داخلے کے خواہشمند افراد کو مکمل رہنمائی اور سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت بھی جاری کردی ہے۔ داخلہ فارم اور پراسپکٹس اسلام آباد میں واقع یونیورسٹی کے مین کیمپس اور ملک کے مختلف شہروں میں موجود علاقائی دفاتر/رابطہ دفاتر میں قائم سیل پوائنٹس سے دستیاب ہیں۔

(جاری ہے)

سمسٹر بہار 2017ء میں پیش کئے جانے والے تمام تعلیمی پروگرامز کے پراسپکٹس اور داخلہ فارمز یونیورسٹی کی ویب سائٹ www.aiou.edu.pkسے ڈائون لوڈ بھی کئے جاسکتے ہیں ۔

داخلوں کے بارے میںتفصیلی معلومات یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔ڈائریکٹر ایڈمشن نے بطور خاص جڑواں شہروں )راولپنڈی /اسلام آباد(کے مختلف علاقوں سے سیکٹر H-8میں واقع اوپن یونیورسٹی آکر داخلہ جمع کرانے والے امیدوراوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اپنے محلے میں موجود الائیڈ بینک ،ْ مسلم کمرشل بینک ،ْ بینک الفلاح ،ْ فرسٹ ویمن بینک کی تمام برانچوں اور نیشنل بینک آف پاکستان کی کسی بھی نامزد برانچ میں داخلہ فیس مع داخلہ فارم جمع کراسکتے ہیں۔ اس مقصد کے لئے یونیورسٹی آنے کی قطعی ضرورت نہیں ہے۔ اس طرح انہیں کیمپس کے بینکوں میں موجود رش سے بچنے میں بھی بہت معاونت ملے گی۔ اسی طرح ملک بھر میں بھی درج بالا تمام بینک داخلہ فارم اور مقررہ فیس وصول کررہے ہیں۔