’’ گرین پاکستان‘‘مہم کے تحت پورے یونیورسٹی میں بارہ سو سے زائد درخت لگائے جائیں گے، محمدامین

جمعرات 9 مارچ 2017 23:42

خضدار۔09مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مارچ2017ء)بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنا لوجی خضدار میں ’’گرین پاکستان‘‘مہم کے تحت شجر کاری مہم کا آغاز کردیا گیا ، اس موقع پر بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئر نگ اینڈ ٹیکنا لوجی خضدار کے وائس چانسلر انجینئر محمدامین، میئر خضدار میر عبدالرحیم کر درجسٹرار خضدار یونیورسٹی شیراحمد قمبرانی ڈین فیکلٹی آف انجینئرنگ سید مشتاق شاہ ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن انجینئر رضا زہری و دیگر اساتذہ کرام کی کثیر تعداد موجود تھی ۔

اس سے قبل سب نے ایک ایک پودا خضدار یونیورسٹی کے احاطہ میں لگائے ۔ بعد ازاں وائس چانسلر انجینئرنگ یونیورسٹی خضدار انجینئرمحمدامین نے کہاکہ ’’گرین پاکستان‘‘مہم کے تحت پورے یونیورسٹی میں بارہ سو سے زائد درخت لگائے جائیں گے ۔

(جاری ہے)

ہمیں اپنے ماحول کو صاف و ستہرارکھنے کے لئے لازمی ہے کہ موسم بہار کے موقع پر بھر پورانداز میں شجر کاری مہم میں حصہ لیکر آب و ہوا کو ترو تازہ کردیں ۔

بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنا لوجی خضدار میں ہر سال موسم بہار کے موقع پر شجر کاری مہم میں حصہ لیا جاتا ہے ۔ اس سال بھی ماضی کی طرح شجر کاری مہم کو کامیاب بنایاجارہاہے ۔ جس میں ادارے کا ہر ذمہ دار اپنی خرچ پر یونیورسٹی میں پودا لگائے گا۔ میئر خضدار میر عبدالرحیم کرد نے کہاکہ شجر کاری مہم کو کامیاب بنانے کے لئے تمام طبقات کو ملکر اپنی ذمہ داری ادا کرنی ہوگی ۔

چونکہ ہم سے بادلیں روٹھے ہوئے ہیں اور آب و ہوا میں جو تغیر پیدا ہورہاہے اس کی بڑی وجہ درختوں کی کٹائی ہے اور درختوں میں کمی واقع ہونا ہے ۔ آب و ہوا کو ترو تازہ رکھنا ہے تو اس کے لئے ضروری ہے کہ ہم شجر کاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں او رہر فرد اپنے آس پاس پودا لگا کر آلودگی کے خاتمہ کے لئے کردار ادا کرے۔