گلو کار عارف لوہار اور حسنین شاہ سمیت دیگرکا پنجابی ثقافتی پگڑیوں کی نمائش پر تخلیق کار لطیف سہو کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین

جمعرات 16 مارچ 2017 15:12

گلو کار عارف لوہار اور حسنین شاہ سمیت دیگرکا پنجابی ثقافتی پگڑیوں کی ..
فیصل آباد ۔16 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مارچ2017ء) ملک کے معروف گلو کار عارف لوہار ، ندیم عباس لونے والا ،فضل عباس جٹ اور ہیر وارث شاہ کے نئے انداز کے گائیک حسنین شاہ نے پنجابی ثقافتی پگڑیوں کی نمائش پر تخلیق کار لطیف سہو کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ہے جبکہ فلم ساز سید نور ، ادا کارہ نشو ، گلو کارہ سائرہ بانو نے بھی پگڑیوں میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا ہے نیز پنجاب یونیورسٹی لاہور ، علامہ اقبال میڈیکل کالج ، فاطمہ جناح میڈیکل کالج ، کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی ، یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی سمیت دیگر یونیورسٹیز و کالجز کے طلباء و طالبات سمیت ہر مکتبہ فکر کے مرد و خواتین کی جانب سے بھی پنجابی ثقافت کو اجاگر کرنے کیلئے تیار کی گئی پنجابی ثقافتی پگڑیوں کو سراہا گیا اور بڑی تعداد میں پگڑیاں پہن کر سیلفیاں بھی بنوائی گئیں۔

(جاری ہے)

بین الاقوامی شہرت یا فتہ آرٹسٹ،ڈیزائنر اور پنجابی ثقافت کے ترجمان چوہدری عبداللطیف سہو کی تخلیق کی ہو ئی پنجابی پگڑیوں کی پنجابی انسٹیٹیوٹ آف لینگوئج لاہور کے زیرا ہتمام پنجابی پیس اینڈ کلچرل فیسٹیول میں دو روزہ نمائش کا انعقاد کیا گیا جس میں ہر مکتبہ فکر کے ہزاروں افراد نے شرکت کی ۔اس موقع پر شائقین نے پنجابی پگڑیاں پہن کر چو ہدری عبدا للطیف سہو کے ساتھ سلفیاں بھی بنوائیں۔

انہوںنے پنجاب کی دم توڑتی ہو ئی ثقافتی پگڑیوں کونئے انداز میں نئی نسل میں متعارف کرانے پرمسٹر سہو کو مبارک باد دی ۔علاوہ ازیں لاہور میں گزشتہ روز منعقد ہونے والی مختلف تقریبات میں ان کو خصو صی طور پر شرکت کی دعوت دی گئی جبکہ اس موقع پر ملک گیر پنجابی سیمینار کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں ملک بھر کے اہم ترین ماہرین ، پنجابی زبان کے ادباء ، مصنفین ، محققین ، دانشوروں ، اساتذہ اور ہر مکتبہ فکر کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

انسٹیٹیوٹ آف لینگوئج اینڈ کلچر کی ڈائر یکٹر ڈاکٹر صغراصدف کی زیر صدارت منعقدہ سیمینار میں پنجاب کی ماں بولی زبان پنجابی کی پرو موشن کیلئے مقا لے پڑھے گئے اور پنجابی مشاعرہ بھی ہوا۔ تقریب کے دوران ڈاکٹر صغرا صدف نے چوہدری عبداللطیف سہو کا تعارف کراتے ہو ئے کہا کہ ہم سب پنجابی لکھاری اور پنجابی زبان کی ترویج و ترقی کیلئے کوشاں ہیں جس کیلئے نثر اور شعرو شاعری سے بھی کام لیا جا رہا ہے۔

انہوںنے کہا کہ چو ہدری عبداللطیف سہو پنجابی ثقافت کے ترجمان بن کر نئی نسل میں اپنی تخلیق کی ہوئی نئی طرزکی پنجابی پگڑیوں کے ذریعے پنجابی ثقافتی پگڑی کو متعارف کرا کربڑا کارنامہ سر انجام دے رہے ہیں۔ اس موقع پر سامعین نے بھر پور انداز میں تالیاں بجا کر لطیف سہو کو خراج تحسین پیش کیا۔

متعلقہ عنوان :