شوبز شخصیات نے ہانیہ عامر کا بھارتی فلم میں کام کرنا تاریخی قرار دے دیا

منگل 24 جون 2025 21:07

شوبز شخصیات نے ہانیہ عامر کا بھارتی فلم میں کام کرنا تاریخی قرار دے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 جون2025ء) ہانیہ عامر کی بھارتی فلم سردار جی تھری کا ٹریلر ہونے کے بعد پاکستانی شوبز شخصیات نے اداکارہ کی تعریفیں کرتے ہوئے ان کی انڈین فلم میں اداکاری تاریخی قرار دے دی۔متعدد شوبز شخصیات نے انسٹاگرام اسٹوریز اور پوسٹس میں ہانیہ عامر کی سردار جی تھری کی جھلکیاں شیئر کرتے ہوئے ان کی تعریفیں کیں۔

زیادہ تر شوبز شخصیات نے نشاندہی کی کہ ہانیہ عامر سے قبل تقریبا تمام پاکستانی اداکاروں نے سائیڈ رول یا ثانوی کردار ادا کیے جب کہ ہانیہ عامر نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔ساتھ ہی شوبز شخصیات نے لکھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے وقت ہانیہ عامر کا سردار جی تھری میں جلوہ گر ہونا تاریخی ہے اور ساتھ ہی بات کی ضمانت بھی ہے کہ وہ ٹیلنٹڈ اداکارہ ہیں۔

(جاری ہے)

یاسر حسین نے ہانیہ عامر کی تعریفیں کرتے ہوئے لکھا کہ بہت سارے پاکستانی اداکاروں نے بھارتی فلموں میں کام کیا لیکن ہانیہ عامر کی فلم تاریخی حیثیت رکھتی ہے۔ان کے مطابق حالیہ حالات میں ہانیہ عامر کا بھارتی فلم میں ہونا ان کی شاندار اداکاری کا ثبوت ہے۔اداکارہ زارا نور عباس نے بھی اداکارہ کی تعریفیں کرتے ہوئے ان کے کام پر فخر کا اظہار کیا اور ساتھ ہی ان کے لیے نیک خواہشات بھی ظاہر کیں۔

انوشے اشرف نے بھی ہانیہ عامر کی تعریفیں کیں اور لکھا کہ ان سے قبل زیادہ تر پاکستانی اداکاروں نے بھارتی فلموں میں سائیڈ رول ادا کیے لیکن ہانیہ عامر نے مرکزی کردار ادا کیا اور وہ بھی دلجیت دوسانجھ جیسے اداکار کے ساتھ۔زویا ناصر نے بھی اداکارہ کی تعریفیں کیں اور انہیں اسٹار قرار دیا، ہانیہ عامر کی سہیلی یشما گل اور دیگر ساتھیوں نے بھی ان کی تعریفیں کیں اور لکھا کہ وہ آتے ہی چھا گئیں۔

اسد صدیقی، کین ڈول، ماریہ عنیرا اور دیگر شوبز شخصیات نے بھی ہانیہ عامر کی بھارتی فلم کا ٹریلر جاری ہونے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اداکارہ کو اسٹار قرار دیا۔خیال رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان 22 اپریل 2025 میں مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں ہونے والے حملے کے بعد حالات کشیدہ ہوگئے تھے اور دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے خلاف حملے بھی کیے تھے۔

دونوں ممالک کے درمیان حالات کشیدہ ہونے پر خبریں تھیں کہ ہانیہ عامر کے کردار کو سردار جی تھری سے نکال لیا گیا جب کہ فواد خان کی آنے والی بھارتی فلم ابیر گلال کی ریلیز بھی منسوخ کردی گئی تھی۔دونوں ممالک میں کشیدگی کے بعد بھارتی حکومت نے ایک بار پھر پاکستانی اداکاروں کے بھارتی فلموں میں کام کرنے پر پابندی عائد کردی تھی لیکن سردار جی تھری کی ٹیم نے حکومت کی پابندی کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے 22 جون کو ٹریلر جاری کردیا، جس میں ہانیہ عامر کے کردار کو بھی دکھایا گیا۔سردار جی تھری کو رواں ماہ 27 جون کو بھارت کے علاوہ دیگر بیرون ممالک میں ریلیز کیا جائے گا، یہ واضح نہیں ہے کہ فلم پاکستان میں ریلیز ہوگی یا نہیں