علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا جامعات کے طلباء اور سکالرز کیلئے بڑی قومی نمائش منعقد کرنے کا فیصلہ

جمعہ 17 مارچ 2017 16:45

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مارچ2017ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے چاروں صوبوں ،ْ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی جامعات کے طلباء اور سکالرز کے تحقیق اور تخلیقی کام کو شو کیس کرنے کیلئے ایک بڑی قومی نمائش منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں ملک بھر میں قائم صنعتی اداروں کے نمائندوں کو بھی مدعو کیا جائے گا تاکہ تعلیمی اور صنعتی اداروں کے درمیان روابط مضبوط ہوں اور باہمی گفت و شنید سے تحقیق کے بہتر استعمال کیلئے ایک مشترکہ پالیسی وضع کی جا سکے۔

ان خیالات کا اظہار وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے 2 زورہ قومی گریجویٹ کانفرنس کی اختتامی تقریب سے خطاب میں کیا۔ کانفرنس کا اہتمام آفس آف ریسرچ انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن نے کیا تھا جس میں 25 مختلف جامعات کے ہر شعبہ علم کے گریجویٹ طلباء نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

کانفرنس میں 175 مقالے پیش کئے گئے۔ اختتامی تقریب سے خطاب میں ڈاکٹر شاہد صدیقی نے کہا کہ ایکسپو کا بنیادی مقصد محققین کی حوصلہ افزائی کرنا اور طلباء کے ریسرچ پراجیکٹس کو معاشرے کی بہتری کیلئے پالیسی سازوں تک پہنچانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس نمائش کا ایک فائدہ یہ بھی ہوگا کہ پراجیکٹس تیار کرنے والے طلبہ کو صنعتی اداروں میں انٹرن شپ کے مواقع بھی مئیسرآجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صنعتوں اور تعلیمی اداروں کے درمیان روابط مضبوط کرنے کیلئے یونیورسٹی میں ’’ریسرچ اینڈ انوویشن‘‘ کیلئے الگ آفس بھی بنا دیا گیا ہے جو گذشتہ دو سال سے ملک میں ریسرچ کلچر کے فروغ کے لئے مصروف عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریسرچ کلچر کا فروغ ہماری اولین ترجیح ہے اور یہی وجہ ہے کہ گذشتہ دو سال میں یونیورسٹی نے 9 ریسرچ جرنل شائع کئے اور 15 قومی و بین الاقوامی کانفرنسز منعقد کی ہیں۔ آفس آف ریسرچ کی ڈائریکٹر ،ْ پروفیسر ڈاکٹر نغمانہ رشید نے کانفرنس کے مقاصد کو آگے بڑھانے کے لئے لائحہ عمل بھی پیش کیا۔

متعلقہ عنوان :