حافظ آباد : ضلع بھر میںخانہ شماری کے بعد مردم شماری کابھی باضابطہ افتتاح کردیا گیا

ہفتہ 18 مارچ 2017 22:58

حافظ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 مارچ2017ء) کمشنر گوجرانوالہ محمد آصف اور ڈپٹی کمشنر حافظ آباد اللہ دتہ وڑائچ نے مردم شماری کے فارم بھر کر ضلع میں خانہ شماری کے بعد مردم شماری کا بھی باضابطہ آغاز کر دیا ہے ۔اسسٹنٹ کمشنر حافظ آباد عمر فاروق وڑائچ مردم شماری کا عملہ اور متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مردم شماری ایک انتہائی اہم قومی ٹاسک ہے جس کو پوری ذمہ داری سے ادا کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خانہ اور مردم شماری ملکی وسائل کی بہتر تقسیم ،مستقبل کی ضروریات کی پیش بندی ،سیاسی و انتظامی امور میں بہتری سمیت ترقیاتی سرگرمیوں کو مربوط اور منظم انداز میں شروع کرنے کے حوالہ سے کلیدی اہمیت حامل ثابت ہوگی اور مردم شماری کی روشنی میں ہی ملکی تعمیر و ترقی کے نئے اہداف کا تعین ممکن بنایا جا سکے گا۔کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر مردم شماری فارم مکمل کئے جس کے ساتھ ہی ضلع میں مردم شماری کا آغاز ہو گیا ۔ضلع کو مردم شماری کے لیے 20چارجز ،144سرکلز اور969بلاکس میں تقسیم کیا گیا جبکہ 479سرکاری شمار کنندہ گان فوجی جوانوں کے ہمراہ دونوں تحصیلوں میں مردم شماری کا عمل 15اپریل تک مکمل کر لیں گے۔

متعلقہ عنوان :