ڈی ایچ کیو ہسپتال خانیوال کو ضلع کی ایک مثالی علاج گاہ بنایا جائیگا،ڈپٹی کمشنر

بدھ 22 مارچ 2017 00:31

خانیوال ۔21مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2017ء) ڈپٹی کمشنر مظفر خان سیال نے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں آنے والے مریضوں کو بہترین طبی سہولتوں کی فراہمی کے احکامات دیتے ہوئے کہاکہ ڈی ایچ کیو ہسپتال خانیوال کو ضلع کی ایک مثالی علاج گاہ بنایا جائیگا ‘ہسپتال میں مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی کے حوالہ سے کوئی شکایت ملی تو ذمہ دار کو نہیں چھوڑوںگا ‘ہسپتال کے ویٹنگ ایریاز میں مریضوں کے لواحقین کیلئے ایل سی ڈی سکرینز ‘پنکھے اور راہ داریوں میں بریکٹ فینز لگوائے جائیں اور ویٹنگ ایریاز میں پینے کے پانی کیلئے ڈسپنسر( واٹر کولر) فوری طور پر لگوایا جائے ۔

انہوں نے یہ بات ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال خانیوال کے اچانک معائنہ کے دوران کہی ۔ڈپٹی کمشنر نے ایمرجنسی وارڈ ‘آرتھو پیڈک وارڈ‘ڈائیلائسز وارڈ سمیت مختلف دیگر وارڈز کا معائنہ کیا اور وہاں پر مریضو ں کو دی جانیوالی طبی سہولتوں کا تفصیلی جائزہ لیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اے ڈی سی آر سجاد حمد خان ‘اسسٹنٹ کمشنر آغا ظہیر شیرازی او رایم ایس اکبر علی بھٹی بھی ان کے ہمراہ تھے ۔

ڈپٹی کمشنر نے وارڈز کے معائنہ کے دوران بیڈز پر ناقص کوالٹی کی چادریں بچھانے پر برہمی اظہار کرتے ہوئے ایم ایس کو فوری طور پر نئی چادریں خریدنے کے احکامات صادر کیے ۔ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر کو بھی ہدایت کی کہ وہ ایوننگ اور نائٹ شفٹ میں وارڈز کے اندر ڈاکٹرز کی ڈیوٹیاں لازمی چیک کریں تاکہ مریضوں کو علاج معالجہ کی بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جاسکیں ۔

انہوں نے کہاکہ ہسپتال میں ڈاکٹرز کی تعداد بھی بڑھائی جائیگی ۔ڈی سی نے اس موقع پر ایم ایس کو ہدایت کی کہ ہسپتال کے داخلی راستوں او رلان کو بھی خوبصورت بنایا جائے تاکہ یہاں پر آنیوالے مریضوں کو خوشگوار تبدیلی کا احساس ہوسکے ۔انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر کو مزید ہدایت کی کہ وہ دی گئی ہدایات پر عمل درآمد کیلئے وہ خود نگرانی کریں ۔

متعلقہ عنوان :