پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کی 12 سال بعد ملک میں ورلڈ ایک روزہ بلائنڈ کرکٹ کپ کے انعقاد کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب اور وزیر اعلیٰ سندھ سے تعاون کرنے کی اپیل

جمعہ 24 مارچ 2017 11:45

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مارچ2017ء) پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل نے 12 سال بعد ملک میں ورلڈ ایک روزہ بلائنڈ کرکٹ کپ کے انعقاد کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب اوروزیراعلیٰ سندھ سے تعاون کرنے کی اپیل کی ہے۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سید سلطان شاہ نے’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ رواں سال جنوری میں بھارت میں ہونے والے ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل کے اجلاس میں آئندہ سال جنوری میں منعقد ہونے والے عالمی ایک روزہ بلائنڈ کرکٹ کپ کی پاکستان کو میزبانی دی تھی۔

(جاری ہے)

ورلڈ کپ کے 7 میچز پاکستان جبکہ باقی میچز متحدہ عرب امارات میں کھیلے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایشیاء کے 4 ممالک سری لنکا، بھارت، نیپال اور بنگلہ دیش نے ورلڈ کپ میں پاکستان آنے کی تصدیق کی ہے۔ وہ میچز پاکستان میں کھیلیں گے جو ممالک پاکستان نہیں آنا چاہتے تو ان کے میچز متحدہ عرب امارات میں رکھیں گے۔ سید سلطان شاہ نے ورلڈ کپ کی تیاری کے حوالے سے ہمارے پاس فنڈز کی کمی ہے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب اور وزیر اعلیٰ سندھ سے اپیل کی ہے کہ وہ آئندہ سال جنوری میں ہونے والے عالمی کپ کیلئے ہمارے ساتھ تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ کپ کا فائنل پاکستان میں کھیلا جائے گا۔