وزیراعظم محمد نواز شریف اپنے حیدرآباد کے دورے کے موقع پر سندھ کی زراعت کے لیے خاص پیکیج کا اعلان کریں ،ایوان زراعت سندھ کا مطالبہ

اتوار 26 مارچ 2017 19:01

حیدرآباد - (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2017ء) ایوان زراعت سندھ نے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کے حیدرآباد کے دورے کے موقع پر وزیراعظم سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ دورے کے دوران سندھ کی زراعت کے لیے خاص پیکیج، 50 فیصد سبسڈی پر بیلاروس ٹریکٹر اسکیم اور 80 فیصد سبسڈی پر 5ہزارسولر ٹیوب ویل لگانے کا اعلان کریں تاکہ سندھ کے آبادگاروں کی مایوسی ختم ہونے کے ساتھ سندھ کی زراعت کو فروغ مل سکے۔

اس حوالے سے ایوان زراعت سندھ کا اجلاس سینیئر نائب صدر سید اعجاز نبی شاہ کی زیر صدارت ایک ہی وقت میں وڈیو لنک کے ذریعے کراچی، حیدرآباد، سانگھڑ، سکھر اور گھوٹکی میں منعقد ہوا۔انہوں نے کہا کہ آج وزیراعظم محمد نواز شریف حیدرآباد کے دورے پر آرہے ہیں تاہم دورے کے دوران وزیراعظم سندھ کی زراعت کے فروغ کے لیے 50 فیصد سبسڈی پر بیلاروس ٹریکٹر اسکیم دینے کے اعلان کریں جبکہ وفاق کی جانب سے اس طرح کی اسکیم ماضی میں ایک بار ہی دی گئی جس کے بعد اب تک ایسی کوئی بھی اسکیم نہیں دی گئی ہے، انہوں نے بتایا کہ ماضی کے اس وقت میں مذکورہ بیلاروس ٹریکٹر کی قیمت 6 لاکھ روپے تھی جس پر وفاق نے تین لاکھ روپے سبسڈی دی تھی جبکہ اب بیلاروس ٹریکٹر کی قیمت 14 لاکھ روپے ہے جس پر وفاق 50 فیصد 7 لاکھ کی سبسڈی فراہم کرے کیوں کہ سندھ میں 90فیصد بیلاروس ٹریکٹر ہی استعمال ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں آبادگاروں نے وزیراعظم محمد نواز شریف سے گذارش کی کہ وفاق کی جانب سے یوریا اور ڈی اے پی کھاد پر ملنے والی سبسڈی کو تین سالوں تک جاری رکھا جائے، انہوں نے مزید کہا کہ پانی کی کمی کے باعث سندھ کو سولر ٹیوب ویل کی اشد ضرورت ہے اس لیے آج وزیراعظم سندھ کے آبادگاروں کو 80 فیصد سبسڈی پر 5 ہزار سولر ٹیوب لگا کر دینے کا بھی اعلان کریں تاکہ آباگاروں کی مایوسی ختم ہو سکے۔

اجلاس میں آبادگاروں نے وزیراعظم محمد نواز شریف سے یہ بھی مطالبہ کیا کہ سندھ میں کپاس کے بیج بی ٹی کاٹن کی درآمد کی بھی اجازت دی جائے۔دوسری جانب ایوان زراعت سندھ کے آبادگاروں نے صوبہ میں گندم کے باردانہ کی منصفانہ تقسیم نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ خوراک کے وزیر نثار احمد کھوڑو سے مطالبہ کیا ہے کہ باردانہ کی منصفانہ تقسیم کے لیے محکمہ خوراک کے عملداروں کو خریداری سینٹرز پر مستقل موجود رہنے کا پابند بنایا جائے تاکہ حقدار آبادگاروں کو باردانہ مل سکے۔اجلاس میں ایوان زراعت سندھ کے جنرل سیکریٹری نبی بخش سٹھیو، زاہد بھرگڑی، میر عبدالکریم تالپر، نثار میمن، جمشید منگریو، رئیس غلام حسین چاچڑ و دیگر آبادگاروں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔