ڈپٹی کمشنر خانیوالکا ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کادورہ

پیر 27 مارچ 2017 23:09

خانیوال۔27 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2017ء)ڈپٹی کمشنر مظفر خان سیال کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال خانیوال میں مریضوں کے لواحقین کے لیے بنائی گئی انتظار گاہوں میں پہلے مرحلہ میں تین ایل ای ڈی سکرینز ، ٹھنڈے پانی کے لیے چار واٹر ڈسپنسرز ، 20 مزید نئے پنکھے لگوا دیے گئے ۔ اس کے علاوہ وارڈز میں پہلے سے موجود ائیر کنڈ یشنرز کی سرو س کے ساتھ ساتھ تین نئے ائیر کنڈیشنرز کی تنصیب بھی کر دی گئی ہے ۔

ڈپٹی کمشنر مظفر خان سیال نے ہسپتال کے اچانک معائنہ کے دوران لگائی گئی ایل ای ڈیز ، واٹر ڈسپنسرز اور ائیر کنڈیشنرز کو چیک کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ر منظور احمد خان ، اسسٹنٹ کمشنر آغاظہیر عباس شیرازی ، ڈی ایم او محمد یوسف اور ایم ایس اکبر بھٹی بھی انکے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال کے معائنہ کے دوران ہدایت کی کہ دوران ڈیوٹی ڈاکٹرز گا ئونز لازمی پہنیں ۔

انہوں نے وارڈز میں بچھائی جانے والی خستہ حال چادروں اور میٹریس کو فوری طور پر اٹھوا کر تلف کرنے اور نئی چادریں اور میٹریس بچھانے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے ہسپتال میں مختلف وارڈز کا بھی معائنہ کیا او ر داخل مریضوں سے علاج کی سہولیات بارے تفصیلی دریافت کیا ۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر مظفر خان سیال کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ہیلتھ کونسل کا اجلاس منعقد ہوا ۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت پنجاب کاخصوصی فوکس سرکاری ہسپتالوں میں بہترین طبی سہولتوں کی فراہمی کے ساتھ ان ہسپتالوں کی حالت بہتر بنانا ہے ۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ کونسلز کا قیام بھی اسی سلسلہ میں عمل میں لایا گیا ہے۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریوینو سجاد احمد خان ، اسسٹنٹ کمشنر آغا ظہیر عباس شیرازی، ڈی ایم او محمد یوسف ، ڈی ایچ او ڈاکٹر غلام مرتضیٰ کسرا اور ایم ایس ڈاکٹر اکبر علی بھٹی سمیت دیگر افسران صحت نے شرکت کی ۔ اجلاس میں ہسپتال کے لیے ہیلتھ کونسل سے متعلقہ امور اور سامان کی خریداری کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔