برٹش کونسل کے دو رُکنی وفدکا نیوٹیک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سے ملاقات

جمعرات 30 مارچ 2017 23:15

لاہور۔30 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مارچ2017ء)نیوٹیک اور برٹش کونسل کے مابین فنی و پیشہ ورانہ تربیت کے میدان میں تعاون کو فروغ دینے کیلئے برٹش کونسل سے دو رُکنی وفد نے ریجنل ڈائریکٹر سائوتھ ایشیا ء مارک سٹیفنز کی قیادت میں نیوٹیک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ذوالفقار احمد چیمہ سے نیوٹیک ہیڈ کوارٹر میں ملاقات کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ذوالفقار چیمہ نے قومی سطح پر مرکزی ادارے کی حیثیت سے نیوٹیک کے کردار اور ذمہ داریوں پر روشنی ڈالی اور نیوٹیک کے سیکٹر کو فعال بنانے کیلئے لئے جانے والے مختلف اقدامات و اصلاحات کے بارے میں بتایا ۔

اجلاس میں موجودہ سسٹم میں مزیدبہتری لانے کیلئے اشتراک و تعاون کے مختلف پہلوئوں پر تفصیلی بات چیت کی گئی ۔ ذوالفقار چیمہ نے TVET سیکٹر کی بہتری کیلئے کئے جانے والے تعاون پر برٹش کونسل کا شکریہ ادا کیا اور دونوں اداروں کے مابین اشتراک میں مزید اضافہ پر زور دیا ۔ ریجنل ڈائریکٹر مارک سٹیفنز نے نیوٹیک کو اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی اور اسکل سیکٹر کو فروغ دینے کیلئے مختلف مشترکہ منصوبے شروع کرنے کا عندیہ دیا ۔ انہوں نے نیوٹیک کے نئے اقدامات اور فنی ہنرمندی کے مقابلوں کو بھی خوش آئند قرار دیا۔