پی ٹی آئی کی جنگ غربت ، جہالت اور بے روزگاری کے خاتمے کیلئے ہے ‘ملک میں جعلی ادویات کے استعمال سے لو گ مر رہے ہیں ‘لٹریسی ریٹ انتہائی کم ہے ‘آزادی ملنے کے بعد آج تک حکمران طبقہ کے خاندان برسر اقتدار رہے جنہوںنے ملک سے غربت و جہالت اور بے روز گاری کا خاتمہ کرنے کیلئے اپنے اثاثہ جات میں اضافہ کیا ہے

تحریک انصاف کے مرکزی راہنما چودھری سرور، نعیم الحق ترجمان پی ٹی آئی، اعجاز چودھری دیگر کا ورکرز کنونشن سے خطاب

منگل 11 اپریل 2017 23:36

پی ٹی آئی کی جنگ غربت ، جہالت اور بے روزگاری کے خاتمے کیلئے ہے ‘ملک ..
جڑانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 11 اپریل2017ء)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی راہنما چودھری سرور، نعیم الحق ترجمان پی ٹی آئی، اعجاز چودھری ، چودھری اشفاق صدر ویسٹ پنجاب ریجن ، ڈپٹی جنرل سیکرٹری فرخ حبیب ، ممبر کور کمیٹی و ایم این اے عامر ڈوگر نے جڑانوالہ آمد پر ورکر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی جنگ غربت ، جہالت اور بے روزگاری کے خاتمے کے لیے ہے ۔

ملک میں جعلی ادویات کے استعمال سے لو گ مر رہے ہیں اور لٹریسی ریٹ انتہائی کم ہے آزادی ملنے کے بعد آج تک حکمران طبقہ کے خاندان برسر اقتدار رہے جنہوںنے ملک سے غربت و جہالت اور بے روز گاری کا خاتمہ کرنے کے لیے اپنے اثاثہ جات میں اضافہ کیا ہے ۔ ڈگری حاصل کرنے والے نوجوانوں کو ملازمتیں نہ مل رہی ہیں۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت بن کر ابھری ہے تحریک انصاف آئندہ انتخابات میں کلین سویپ کرے گی اور بر سر اقتدار آکر ملک کی لوٹی ہوئی دولت واپس لا کر عوام کی خوشحالی و ترقی کے لیے استعمال کرے گی۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان ملک کی بقاء اور عوام کی حقو ق کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ باریاں لگانے والوں نے ملک کو قرضوں کے بوجھ تلے دبا دیا ہے۔ پاناما لیکس کا فیصلہ حکمرانوں کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔یہ کیس قومی تاریخ کا آئندہ رخ متعین کرے گا۔ قوم پانامہ کیس کے فیصلے کی منتظر ہے پوری قوم کی نظریں سپریم کورٹ پر لگی ہیں۔ پاکستان کی سیاست جمہوریت اور حکومت پر ایسے خاندان مسلط ہیں جن کا عوام سے کوئی تعلق نہیں۔

ملک سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کرنے کے دعویدار حکمرانوںچار سالوںمیں لوڈ شیڈنگ ختم نہ کر سکے حکومت کی ڈنگ ٹپائو پالیسیاں عوام کو سبز باغ دکھانے کے سوا کچھ نہیں۔ صوبائی دارالحکومت سمیت صوبے بھر میں امن و امان کی صورتحال ن لیگ کی کارکردگی کا واضح ثبوت ہے۔ حکومت کی ناقص پالیسیوں کے باعث ن لیگ عوام میں اپنا مقام کھو چکی ہے۔ ورکر کنونشن میںتحصیل صدر جڑانوالہ خان بہادر ڈوگر، سابق ایم این اے و رہنما پی ٹی آئی میاں غلام حیدر باری، راہنما و سٹی صدر میجر(ر) عبدالرحمن رانا ، ایم پی اے خرم شہزاد ، ڈاکٹر اسد معظم ، ندیم چودھری، اجمل چیمہ ، جاوید منج، چودھری اختر علی نے بھی خطاب کیا۔

قبل ازیں تحصیل صدر خان بہادر ڈوگر نے ہزاروں کارکنان کے ہمراہ مرکزی راہنمائوں کا جڑانوالہ آمد پر شاندار پر تپاک استقبال کیا اور مرکزی راہنمائوں نے شاندار ورکر کنونشن کروانے پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ جڑانوالہ کی عوام نے ثابت کر دیا ہے کہ عوام حکومت کی پالیسیوں سے عاجز آچکے ہیں۔