لاہور،سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا کی دبئی میں سابق صدر جنرل (ر ) پرویز مشرف سے ملاقات

ملک کی سیاسی صورتحال، خطے کے حالات اور نئے سیاسی اتحاد کے قیام پر تبادلہ خیال کیا گیا

منگل 11 اپریل 2017 23:43

لاہور،سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا کی دبئی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 اپریل2017ء) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے دبئی میں سابق صدر پاکستان اور آل پاکستان مسلم لیگ کے جنرل (ر ) پرویز مشرف سے تفصیلی ملاقات کی ہے ۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنمائوں نے ملک کی سیاسی صورتحال، خطے کے حالات اور نئے سیاسی اتحاد کے قیام پر تبادلہ خیال کیا اور تیسری سیاسی قوت کو سامنے لانے کیلئے مشاورت کی۔

ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ بار بار اقتدار میں آنیوالی پارٹیوں کا مقابلہ کرنے کیلئے چھوٹی بڑی تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کا گرینڈ الائنس قائم کیا جائے گا۔ ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ کل بھوشن کے سزائے موت کے فیصلے پر عملدرآمد میں تاخیر نہ کی جائے اور اس معاملہ میں حکومت ہر طرح کا بیرونی دبائو مسترد کردے۔

(جاری ہے)

پوری قوم کل بھوشن کی سزائے موت کے فیصلے پر پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔ بھارت اپنے جاسوس کی سزائے موت پر واویلا کرنے کی بجائے پاکستان میں مداخلت اور دہشتگردی بند کرے۔ را کی دہشتگردانہ سرگرمیاں کھل کر سامنے آچکی ہیں۔ ملاقات کے دوران جنرل (ر) پرویز مشرف نے کہا کہ آپریشن ردّالفساد کی کامیابی کیلئے دہشتگردوں کے سہولت کاروں کی سرکوبی ضروری ہے۔

ملک میں خوشحالی اور ترقی کیلئے باریوں کی سیاست کا خاتمہ ضرور ی ہے۔ شام کا مسئلہ حل کروانے کیلئے مسلم ممالک اپنا کردار ادا کریں۔ عالمی برادری کشمیر میں بڑھتی جارحیت کا نوٹس لے۔مقبوضہ کشمیر میں نام نہاد ضمنی الیکشن کا ڈرامہ فلاپ ہوگیا ہے۔ عالمی برادری اور اقوام متحدہ کشمیریوں کی نسل کشی رکوائے۔ عالمی طاقتیں کشمیر کے حق خود ارادیت کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔