مہران یونیورسٹی،بیروزگارنوجوانوں کے تربیتی کورس مکمل ہونے پر سرٹیفکیٹ اور ٹول کٹ تقسیم

بدھ 19 اپریل 2017 18:48

حیدرآباد - (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2017ء)سینٹر آف ایکسیلینس ان آرٹ اینڈ ڈیزائن مہران یونیورسٹی میں نیشنل ووکیشنل ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیوٹیک) کے تعاون سے جاری بیروزگار نوجوانوں کے تربیتی کورس کے مکمل ہونے پر طلباء و طالبات میں سرٹیفکیٹ اور ٹول کٹ تقسیم کی گئی۔سینٹر کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر بھائی خان شر کی جانب سے نیوٹیک فیز تھری بیج ون میں آٹوکیڈ، فائن آرٹ، ہارڈ ویئر ٹیکنیشن، گرافکس ڈیزائن، فیشن ڈیزائن و دیگر شعبوں میں تربیت حاصل کرنے والے نوجوانوں کو سرٹیفکیٹ اور ٹول کٹس دی گئیں جبکہ بیج دوئم کے تحت تربیت حاصل کرنے والے نوجوانوں کو پوزیشن حاصل کرنے پر کیش انعام بھی دیئے گئے۔

اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینٹر آف ایکسیلینس ان آرٹ اینڈ ڈیزائن کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر بھائی خان شر نے کہا کہ کامیابی کسی بھی سفارش کی محتاج نہیں ہوتی اور ہم نے 6ماہ کی تربیت کے دوران نوجوانوں کو اس کے لائق بنایا ہے کہ وہ عملی میدان میں داخل ہوکر سماج کے لیے بہتر کر سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسکولوں، کالجز، کھیلوں کے میدان، دوستوں کی بات چیت اور مختلف مقامات پر ملنے جلنے کے اپنے اپنے طور طریقے ہوتے ہیںاس لیے نوجوان طلباء و طالبات ہر جگہ کے آداب اور وہاں کے اٹھنے بیٹھنے کو اپنا کر حقیقتوں سے روشناس ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ مقابلے کا دور ہے اور آگے بڑھنے کا واحد حل محنت ہے اس لیے ہمیں تعلیم سے لیکر کاروبار تک کسی بھی شعبے میں محنت کا دامن نہیں چھوڑنا چاہیے۔اس موقع پر نیوٹیک پروگرام فوکل پرسن فضل الہٰی خان، پروفیسر نصرت منگی، سلیم جھتیال، ارشد قریشی، مہناز سومرو و دیگر نے ڈائریکٹر کے ہمراہ اپنے اپنے شعبوں کے طلباء و طالبات میں سرٹیفکیٹ تقسیم کیے۔