تجاوزات کے خاتمہ کے لئے تاجر تنظیموں کا نمائندہ اجلاس (آج )میونسپل کارپوریشن راولپنڈی میں ہو گا

اتوار 23 اپریل 2017 21:21

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2017ء)شہر سے تجاوزات کے خاتمہ کے لئے متفقہ لائحہ عمل مرتب کرنے کے لیے تاجر تنظیموں کا نمائندہ اجلاس (آج ) پیر کو میونسپل کارپوریشن راولپنڈی میں ہو گا ۔اجلاس میں تاجر نمائندوں کی مشاورت سے تجاوزات کے خاتمہ کیلئے مشترکہ حکمت عملی طے کی جائے گی۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں چیف افسر میونسپل کارپوریشن خالد گورایہ اور میونسپل افسر علی عمران نے گذشتہ روز سٹی صدر روڈ، گنج منڈی، راجہ بازار اورلیاقت روڈ سمیت دیگر کاروباری مراکز کا دورہ کیا۔

انجمن تاجران جناح روڈ کے صدر طلحہ توقیر، انجمن تاجران گندم منڈی کے صدر عبدالغفور قادری اور انجمن تاجران لیاقت روڈ کے صدر اقبال پراچہ سے فرداً فرداً ملاقات کے دوران چیف افسر میونسپل کارپوریشن خالد گورایہ نے سڑکوں ، بازاروں اور فٹ پاتھ وغیرہ پر ہر قسم غیر قانونی تجاوزات کو ازخود ختم کرنے اورتمام بازاروں کو شٹر گیٹ تک محدود کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ جس پر تاجرنمائندوں نے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔