شیخ زید میڈیکل کمپلیکس لاہور کی پیشنٹ ویلفیئر سوسائٹی کے زیر اہتمام مستحق مریضوں کیلئے فنڈز اکٹھے کرنے کیلئے ڈنر کا اہتمام

فنڈ ریزنگ ڈنر کے اہتمام کا مقصد مستحق و غریب مریضوں کو مفت علاج و معالجہ کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے فنڈز اکٹھے کرنا تھا تاکہ ہسپتال میں آنے والا کوئی بھی غریب مریض طبی سہولیات سے محروم نہ ہو‘ پروفیسر ڈاکٹر فرید احمد خان

پیر 24 اپریل 2017 16:07

شیخ زید میڈیکل کمپلیکس لاہور کی پیشنٹ ویلفیئر سوسائٹی کے زیر اہتمام ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2017ء) شیخ زید میڈیکل کمپلیکس لاہور کی پیشنٹ ویلفیئر سوسائٹی کی جانب سے لاہور کے ایک مقامی ہوٹل میں مستحق مریضوں کو علاج و معالجہ کی مفت سہولیات فراہم کرنے کیلئے چیریٹی فنڈ ریزنگ ڈنر کا اہتمام کیا گیا، جس میں وزیر برائے سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن پنجاب خواجہ سلمان رفیق، ایم پی اے جناب غزالی سلیم بٹ(ممبر بورڈ آف گورنر)،ایم ایم خان(ممبر بورڈ آف گورنر)، پیشنٹ ویلفئیر سوسائٹی کی نائب صدر محترمہ سیمی الہی، پروفیسر ڈاکٹر فرید احمد خان چیئرمین اینڈ ڈین شیخ زاید میڈیکل کمپلیکس لاہور سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے مخیر حضرات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر فرید احمد خان کا کہنا تھا کہا کہ اس چیریٹی فنڈ ریزنگ ڈنر کے اہتمام کا مقصد شیخ زاید ہسپتال میں علاج کی غرض سے آنے والے مستحق و غریب مریضوں کو مفت علاج و معالجہ کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے فنڈز اکٹھے کرنا تھا تاکہ ہسپتال میں آنے والا کوئی بھی غریب مریض طبی سہولیات سے محروم نہ ہو جبکہ شیخ زاید ہسپتال اپنے فنڈز کا ایک حصہ مریضوں کو طبی سہولیات کی فراہمی سے بھی پیدا کرتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میرا مشن ہے کہ ہسپتال کی ایمرجنسی میں آنے والے مریضوں کو مفت طبی سہولیات کی فراہمی بھی ممکن ہو سکے۔ انہوں نے مخیر حضرات کو یقین دلایا کہ شیخ زید ہسپتال کی پیشنٹ ویلفئیر سوسائٹی چیریٹی فنڈ کی مد میں ملنے والی رقم شفافیت کے ساتھ غریب مریضوں کی فلاح و بہبود اور ان کے علاج و معالجہ کی سہولیات کی فراہمی پر خرچ کریگی، انہوں نے کہا کہ 700 لوگوں کیلئے چیریٹی فنڈ ریزنگ ڈنر کا اہتمام کرنے پر چوہدری محمد منیرکی کاوش قابل ستائش ہے، جبکہ انہوں نے مخیر حضرات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی مخیر حضرات کی جانب سے اس کار خیر میں بھرپور حصہ لیا جائے گا جس سے مستحق مریضوں کو طبی سہولیات کی فراہمی میں اضافہ ہوسکے گا۔

وزیر برائے سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن پنجاب خواجہ سلمان رفیق نے بھی پیشنٹ ویلفیئر سوسائٹی شیخ زاید ہسپتال لاہورکی مستحق مریضوں کو علاج و معالجہ کی مفت سہولیات فراہم کرنے کیلئے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا۔

متعلقہ عنوان :