حکومت کپاس کے کاشتکاروں کیلئے بہترین پیکج کے ذریعے انقلابی اقدامات کر رہی ہے۔ زراعت آفیسر طلحہ شیخ

اتوار 30 اپریل 2017 20:40

جھنگ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2017ء)حکومت فصل کپاس کے کاشتکاروں کیلئے بہترین پیکج کے ذریعے انقلابی اقدامات کر رہی ہے تاکہ کاشتکار خود بھی خوشحال ہوں اور ملکی معیشت میں بھی خاطر خواہ اضافہ ممکن بنایا جا سکے۔یہ بات زراعت آفیسر محمد طلحہ شیخ نے کسانوں اورکاشتکاروں سے ملاقات کے دوران کہی۔ انہوںنے کہا کہ کپاس ملک کی معیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔

ملک میں کپاس کی کاشت اور پیداوار کے ہدف کے حصول کو یقینی بنایا جانا بہت ضروری ہے۔زراعت آفیسرنے کہا کہ اس وقت کپاس کی کاشت کا بہترین وقت ہے اور کاشتکار خصوصی طور پر گرم اور لو والے علاقوں میں کپاس کی جلد از جلد کاشت مکمل کریںاور ایسے علاقوں میں کاشتکار نان بی ٹی اقسام کو ترجیح دیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پرڈپٹی ڈائریکٹر زراعت نے کہا کہ کماد کی پورے سال میں ایک فصل کپاس اور گندم کی دو فصلات کا متبادل ہر گز نہیں ہو سکتی لہٰذا کاشتکار کماد کی فصل پر کپاس اور گندم کی فصلات کو ترجیح دیں۔

انہوںنے مزید کہا کہ اس سال کپاس کے نرخ بہتر رہنے کی توقع ہے اس ضمن میں کپاس کی کاشت اور پیداوار کے اہداف کے حصول کیلئے ایکشن پلان مرتب کر کے اس پر عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے جس میں خالی رقبوں اور غیر منافع بخش فصلات کے متبادل کپاس کی زیادہ سے زیادہ کاشت کے حصول کو یقینی بنایا جائے گا۔