ایچ ای سی کے پانچ رکنی وفد کا ڈائریکٹر ایچ ای سی سلمان احمد کی قیادت میں جامعہ بلوچستان کا دورہ

جمعہ 5 مئی 2017 22:39

کوئٹہ۔05مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مئی2017ء) ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے ایک پانچ رکنی وفد نے ڈائریکٹر ایچ ای سی سلمان احمد کی قیادت میں جامعہ بلوچستان کا دورہ کیا۔ وفد میں ڈاکٹر حزب اللہ خان پشاور یونیورسٹی ، ڈاکٹر عامر اعجاز پنجاب یونیورسٹی، محمد زبیر اقراء یونیورسٹی لاہور اور محمد علی بیگ اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایچ ای سی نے جامعہ بلوچستان کے وائس چانسلر ڈاکٹر جاوید اقبال سے ملاقات کی۔

اس موقع پر جامعہ کے ڈین ڈاکٹر اختر محمد، ڈاکٹر ملک طارق احمد، ڈاکٹر ظہور احمد بازئی، رجسٹرار محمد طارق جوگیزئی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ وفد کو یونیورسٹی کے تعلیمی، تحقیقی سرگرمیوں،ترقیاتی منصوبوں، مستقبل کے پروگرامز کے حوالے سے بتایا گیا اور مجموعی طور پر ملکی تعلیمی نظام ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے ساتھ مختلف تعلیمی سرگرمیوں کو مشترکہ طور پر عملی جامہ پہنانے سمیت مختلف امور پر بات چیت ہوئی۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر نے وفد کو یونیورسٹی آمد پر خوش آمد کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ بلوچستان صوبے میں اعلیٰ تعلیم، تحقیق کو پروان چڑھانے سمیت ملکی و بین الاقوامی تعلیمی اداروں کے ساتھ بہتر تعلقات استوار کئے ہیں۔ گزشتہ برسوں میں جامعہ نے تعلیمی، تحقیقی و ترقیاتی حوالے سے اہم مقاصد حاصل کئے ہیں اور جامعہ کے تمام ستون مظبوط اور مالی حوالے سے ایک مستحکم ادارہ ہے۔

ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے تعاون سے تمام ترقیاتی منصوبوں کو بروقت تکمیل تک پہنچایا گیا ہے اور ایک بہتر سمت کی جانب جامعہ کو گامزن کرنے، تعلیمی ترقی اور نقل کا مکمل خاتمہ کو یقینی بنایا گیا ہے۔ جس کے مثبت اثرات آج پورے صوبے میں مرتب ہورہے ہیں۔ صوبے کے مختلف علاقوں میں یونیورسٹی کے سب کیمپسز کے قیام کو عملی جامہ پہنایا گیا ہے۔ طلبہ نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں کے مواقع اور بہتر مستقبل کی جانب راغب کیا جارہا ہے۔

ان کے ہاتھ میں قلم و کتاب دی گئی ہے۔ آج جامعہ کے طلبہ ہر سطح کے مقابلوں میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں اور یقینی طور پر اعلیٰ تعلیمی ماہرین کا یونیورسٹی کے دوروں اور کانفرنسز میں شرکت تعلیمی ترقی کے لئے اہم پیش رفت ثابت ہوگی ۔ وفد نے یونیورسٹی کے تعلیمی سرگرمیوں کو سراہا اور جامعہ کی ترقی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک دوسرے کے تعاون اور تجربات کو بروء کار لاتے ہوئے تعلیمی ترقی اور اداروں کے درمیان مثالی روابط قائم کئے جاسکتے ہیں۔

اور ان کا دورے کا مقصد بھی یہی ہے کہ اعلیٰ تعلیم کو فروغ دے کر ملکی جامعات ترقی کی جانب گامزن کیا جاسکے۔ بعدازاں جامعہ کے کوالٹی اسسمنٹ سیل کے زیر اہتمام مشترکہ اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں شعبہ جات کی کارکردگی، تحقیقی، تربیتی سرگرمیوں کے فروغ اور مختلف تعلیمی امور زیر غور لائے گئے۔

متعلقہ عنوان :