پنجاب یونیورسٹی ملازمین کو حج و عمرہ کرائے گی ‘ ڈاکٹر ظفر معین ناصر

جمعہ 5 مئی 2017 22:48

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2017ء) وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ظفر معین ناصر نے کہا ہے کہ قرآن کریم ہدایت و رہنمائی کا بہترین ذریعہ ہے اور اسے پڑھنا اس کے حقوق میں شامل ہے ۔ وہ پنجاب یونیورسٹی فیصل آڈیٹوریم میں ملازمین کیلئے منعقدہ تقسیم تقریب ِ قرآن مجید سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر رجسٹرار ڈاکٹر محمد خالد خان،ایڈیشنل رجسٹرار- I غلام جیلانی، ایڈیشنل رجسٹرارII- جلیل طارق ،قائمقام خزانہ دار رائو محمد شریف اور1تا5پانچ سکیل کے سینکڑوں ملازمین نے شرکت کی۔

اپنے خطاب میں وائس چانسلر ڈاکٹر ظفر معین ناصر نے کہا کہ قرآن کریم کی تعلیمات پر عمل کر کے ہی دنیا اور آخرت سنواری جا سکتی ہے۔ انہوں نے پنجاب یونیورسٹی کو قرآن کریم ہدیہ کرنے پر خادمین حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور سعودی ایمبسی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اگلے سال ملازمین کو بذریعہ قرعہ اندازی حج و عمرہ پر بھیجنے کا اعلان بھی کیا۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل رجسٹرارII- جلیل طارق نے ملازمین کی فلاح و بہبود کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات پر وائس چانسلر ڈاکٹر ظفر معین ناصر کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ تین ہزار قرآن کریم وائس چانسلر کی ہدایت پر سکیل 1تا7تک کے ملازمین میں رمضان المبارک سے پہلے تقسیم کر دیئے جائیں گے۔