وزیراعظم 1320میگاواٹ کے ساہیوال کول پاور پراجیکٹ کا رواں ماہ افتتاح کریں گے

اس منصوبے سے لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کم ہوگا،ساہیوال کول پاور منصوبے نے کم مدت میں بجلی کی پیداوارشروع کرکے عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے،انتہائی مختصر مدت میںپراجیکٹ سے بجلی پیداوار کا آغاز بڑی کامیابی ہے،اس نے صرف ہی دنیا نہیں چین کا ریکارڈ توڑدیا،پاور پلانٹ سے بجلی کے آغاز کی خبر نے میرے دورہ چین کی خوشیوں کو مزید دوبالا کردیا ہے، ،وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف بیجنگ میں میڈیا سے گفتگو،ساہیوال کو ل پاورپراجیکٹ سے بجلی کی پیدا وار شروع ہونے پر پوری قوم کو مبارکباد

ہفتہ 13 مئی 2017 23:18

وزیراعظم 1320میگاواٹ کے ساہیوال کول پاور پراجیکٹ کا رواں ماہ افتتاح ..
بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 مئی2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نوازشریف 1320میگاواٹ کے ساہیوال کول پاور پراجیکٹ کا اسی ماہ افتتاح کریں گے اوراس منصوبے سے لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کم ہوگا، انتہائی مختصر مدت میں ساہیوال کول پاورپراجیکٹ سے بجلی کی پیداوار کا آغازبہت بڑی کامیابی ہے اورمیں ساہیوال کو ل پاورپراجیکٹ سے بجلی کی پیدا وار شروع ہونے پر پوری قوم کو مبارکباددیتا ہوں، اس منصوبے نے کم مدت میں بجلی کی پیداوار کر کے نہ صرف دنیا بلکہ چین کا بھی ریکارڈ توڑ دیا ہے ،ساہیوال کول پاور پلانٹ سے بجلی کے آغاز کی خبر نے میرے دورہ چین کی خوشیوں کو مزید دوبالا کردیا ہے ۔

انہوںنے کہا کہ جس رفتار اورمعیار کیساتھ ساہیوال کول پاور پلانٹ پر کام کیا گیا ہے اسکی مثال پاکستان کی 70سالہ تاریخ میں نہیں ملتی ۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو بیجنگ میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ میںچین کی قیادت،منصوبے پر کام کرنے والی چینی کمپنیوں کے اعلی حکام،کارکنوں اورپنجاب حکومت کے متعلقہ محکموں کی محنت کو سراہتا ہوں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس منصوبے نے رفتار کے حوالے سے دنیا میں نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے اورچین میں بھی اتنی پیداواری گنجائش کا منصوبہ اتنی جلدی مکمل نہیں ہوا ۔ساہیوال کول پاور پلانٹ ملک کی تاریخ کا عظیم الشان منصوبہ ہے۔پاکستان کی 70سالہ تاریخ میں کسی بھی منصوبے کواتنی قلیل ترین مدت میں مکمل نہیں کیا گیااوریہ پلانٹ چلنے سے لوڈ شیڈنگ میں مجموعی طورپر گرمیوں میں25فیصد لوڈ شیڈنگ کمی واقع ہوگی۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ سی پیک کے تحت انتہائی تیزی سے تعمیر ہونے والا یہ توانائی کاپہلا منصوبہ ہے اوراس منصوبے پر انتہائی تیزی سے کام کیاگیا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ سی پیک کے تحت تمام منصوبے شفافیت اور برق رفتاری سے مکمل کئے جا رہے ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ماحولیات کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے سپرکریٹیکل بوائلرز لگائے گئے ہیں اورماحولیات کے حوالے سے عالمی معیار کویقینی بنایاگیاہے ۔

انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی قیادت نے قوم کو اندھیروں سے نکالاہے اور وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں روشنیوں کی جانب تیزی سے سفر جاری ہے اور اب پوری قوم دیکھ رہی ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کے ترقیاتی ویژن کی بدولت ملک اندھیروں سے نکل کر روشنی کی طرف رواں دواں ہے ۔ محنت، امانت، دیانت اور جہد مسلسل کی نئی تاریخ رقم ہو رہی ہے۔