وزیراعظم محمد نواز شریف تین روزہ سرکاری دورے پر (کل) ہانگ کانگ پہنچیں گے

ہانگ کانگ میں اپنے قیام کے دوران وزیراعظم ون بیلٹ ون روڈ پاکستان انویسٹمنٹ فورم سے خطاب کریں گے

پیر 15 مئی 2017 23:56

وزیراعظم محمد نواز شریف تین روزہ سرکاری دورے پر (کل) ہانگ کانگ پہنچیں ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مئی2017ء) وزیراعظم محمد نواز شریف تین روزہ سرکاری دورے پر (کل) منگل کو ہانگ کانگ پہنچیں گے۔ ہانگ کانگ میں اپنے قیام کے دوران وزیراعظم ون بیلٹ ون روڈ پاکستان انویسٹمنٹ فورم سے خطاب کریں گے جس میں ہانگ کانگ اور مین لینڈ چائنہ کی نمایاں کاروباری کمپنیاں شرکت کریں گی۔ پاکستان کے قونصلیٹ جنرل کی طرف سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق فورم میں ون بیلٹ ون روڈ کے تحت سی پیک کے تحت پیدا ہونے والے کاروباری مواقع کو اجاگر کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ہانگ کانگ کے چیف ایگزیکٹو بھی فورم سے خطاب کریں گے۔ انویسٹمنٹ فورم کا انعقاد ہانگ کانگ میں پاکستان کے قونصلیٹ جنرل کے زیر اہتمام ہانگ کانگ کی حکومت کے اشتراک سے کیا جا رہا ہے۔ دورے کے دوران وزیراعظم محمد نواز شریف ہانگ کانگ کے چیف ایگزیکٹو سے بھی ملاقات کریں گے، وہ پاکستان اور ہانگ کانگ کے درمیان دوطرفہ تعلقات بالخصوص بیلٹ اینڈ روڈ منصوبوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کریں گے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف ہانگ کانگ اور مین لینڈ چائنہ کی کاروباری کمپنیوں کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔