پنجاب حکومت ملک کے روشن مستقبل کیلئے نوجوان نسل پر سرمایہ کاری کر رہی ہے‘ رانا مشہود احمد خان

99سے 2013تک ایک کلو واٹ بھی بجلی نہ پیدا ہوئی ، موجودہ حکومت نے چار سالوں میں 14000میگا واٹ بجلی کے منصوبوں کی بنیاد رکھی ، دشمن قوتیں پاکستان کی ترقی سے خائف ہیں‘ صوبائی وزیر تعلیم پنجاب کا رولپنڈی میں 2730طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کی تقریب سے خطاب

بدھ 24 مئی 2017 18:04

پنجاب حکومت ملک کے روشن مستقبل کیلئے نوجوان نسل پر سرمایہ کاری کر رہی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2017ء) صوبائی وزیر تعلیم پنجاب رانا مشہود احمد خان نے کہاہے کہ وزیر اعلی شہباز شریف کی زیر قیادت پنجاب حکومت پاکستان کے روشن مستقبل کیلئے نوجوان نسل پر سرمایہ کاری کر رہی ہے اور لیپ ٹیپ کی تقسیم بھی اسی سلسلے کڑی ہے ، پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ہی حکومت نے 1998میں بوٹی مافیا کا خاتمہ کرکے تعلیم کو اشرافیہ کے اثرات سے نجات دلوائی اور اس کے بعد 2008سے صوبہ بھر میں تعلیمی انقلاب کیلئے کوشاں ہے جس کی بدولت محنت مزدوری کرنے والوں کے بچے بھی ملک اور بیرون ملک بہترین تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم ہیں،لیپ ٹاپ ووٹوں کیلئے نہیں تقسیم کر رہے بلکہ اس کا مقصد ذہین اور محنتی طلبہ کو خراج تحسین پیش کرنا ، ان کو جدید تعلیم کے حصول میں معاونت فراہم کرنا ہے اور لیپ ٹاپ انتہائی شفاف انداز میں تقسیم کئے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوںنے گورنمنٹ وقارالنساء کالج برائے خواتین میں راولپنڈی ضلع کے ہونہار طلباء اور طالبات میں لیپ ٹاپ کی تقسیم کے چوتھے مرحلہ کا آغاز کرتے ہوئے کیا۔ اس مرحلہ میں راولپنڈی ضلع میں 2730لیپ ٹاپ تقسیم کئے جائیں گے۔ لیپ ٹاپ تقسیم کی تقریب میں رکن قومی اسمبلی ملک ابرار، رکن صوبائی اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری چوہدری سرفراز افضل، رکن صوبائی اسمبلی ثوبیہ ستی، قائم مقام کمشنر راولپنڈی طلعت محمود گوندل ، ایڈیشنل سیکرٹری ہائر ایجوکیشن کمشن اجمل بھٹی ، مسلم لیگ (ن) کی مقامی قیادت اور طلبہ و اساتذہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔

صوبائی وزیر تعلیم پنجاب رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ گذشتہ چار سالوں میں ملک کی دیوالیہ ہوتی معیشت کو نہ صرف بحال کیا گیا ہے بلکہ ورلڈ اکنامک فورم اور دیگر بین الااقوامی اداروں کے مطابق پاکستان 2030تک دنیا کی 20بڑی معیشتوں میں شامل ہوگا جو پاکستان کے روشن مستقبل کی دلیل ہے ۔ انہوںنے کہاکہ بجلی کا بحران پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو ورثہ میں ملا اور ملک میں 1999سے 2013تک ایک میگا وواٹ کیا ایک کلو وواٹ بھی بجلی نہ پیدا کی گئی جبکہ موجودہ حکومت نے وزیر اعظم محمد نواز شریف اور وزیر اعلی شہباز شریف کی قیاد ت میں گذشتہ چار سالوں میں 14000میگا وواٹ بجلی کے منصوبے لگائے اور 2018میں ملک لوڈ شیڈنگ فری ہو جائیگا۔

ا نہوں نے کہاکہ سی پیک ملک میں معاشی انقلاب کی نوید لیکر آیا ہے ،چین میں حالیہ منعقدہ ون بیلٹ ون روڈ کانفرنس کے دوران 300کمپنیوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے معاہدے کئے اور آئندہ چند سالوں میں ملک میں بیشمار نوکریاں پیدا ہونگی جس کیلئے نوجوانوں کو اعلی تعلیم کے ساتھ ساتھ فنی مہارت بھی دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ دشمن قوتیں پاکستان کی ترقی سے خائف ہیں مگر مسلم لیگ (ن) کے زیر قیادت ترقی کا سفر تیزی جاری ہے اور جاری رہے گا۔

صوبائی وزیر تعلیم پنجاب رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ 2008 سے پہلے پنجاب میں 80ہزار بچے سکولوں میں داخل تھے جبکہ اب یہ تعداد بڑھ کر سو ا کروڑ ہو چکی ہے جبکہ 2008سے پہلے سرکاری سکولوں میں اساتذہ کی حاضری 72فیصد تھی اور اب یہ بڑھ کر 96فیصد ہو چکی ہے جبکہ 2008سے پہلے طلبہ کی حاضری صرف 69فیصد تھی جو اب بڑھ کر 90فیصد سے زائد ہو چکی ہے ۔انہوںنے کہاکہ پنجاب کے تعلیمی معیار بہتر کرنے کیلئے چین، سنگاپور اور ملائیشیا ء کے تعلیمی ماڈلز کا تفصیلی مطالعہ کیا گیا اور حکومت کی شاندار پالیسیوں کے نتیجہ میں 2018تک پنجاب کا ہر بچہ سکول میں داخل ہو گا۔

اس موقع پر لیپ ٹاپ لینے والے طلبا ء اور طالبات کو گارڈ آ ف آنر بھی پیش کیا گیا۔ لیپ ٹاپ وصول کرنے والے طلبہ نے وزیر اعلی شہباز شریف کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ۔