سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق تمام کمپنیوں کو یکساں رول کے مطابق حج کوٹہ دیا جائے،حاجی عبدالولی خان رہنماء حج مینجمنٹ ایسوسی ایشن بلوچستان

بدھ 24 مئی 2017 20:27

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2017ء) حج مینجمنٹ ایسوسی ایشن بلوچستان کے رہنما حاجی عبدالولی خان خلجی نے مطالبہ کیاہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم کے مطابق تمام کمپنیوں کو یکساں رول کے مطابق حج کوٹہ دیا جائے ۔یہ بات انہوں نے بدھ کوحاجی حبیب الرحمن پکتوی ،حاجی خان محمد اور نسیم اللہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے حکومت نے 2012ء میں نئی پالیسی کے تحت تمام حج کمپنیوں کو نیو ان رولڈ کے تحت رجسٹرڈ کیا اور اس حکم نامے کے تحت یہ طے کیا گیا کہ تمام کمپنیوں کو یکساں رول کے تحت حج کوٹہ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس حکم نامے کے پیش نظر سپریم کورٹ آف پاکستان نے 21اپریل2017ء کو ایک حکم جاری کیا کہ تمام ان رولڈ کمپنیوں کو یکساں کوٹہ دیا جائے اس حکم نامے کے تحت تمام سابقہ حج کمپنیوں کو اس امر کا پابند بنایا گیا کہ وہ اس وقت تک حج بکنگ نہیں کرسکیں گی حکومت اور سپریم کورٹ آف پاکستان سے اپیل کرتے ہیں کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے اور اس اہم فیصلے کو ٹال مٹول کا شکار بنانے والی سازشوں اور سرگرمیوں کو روک دیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اب شنید میں آیا ہے کہ اسوقت سابقہ حج کمپنیاں قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے باقاعدہ عازمین حج کے کوائف جمع کر رہی ہیں اوران سے رقم بھی وصول کی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بھر میں حج کیلئے قائم اوررجسٹرڈ تمام کمپنیاں یکساں حقدار ہیں کہ وہ حج کوٹہ حاصل کرکے عازمین کی خدمت کرسکیں لہذا سپریم کورٹ کے حکم پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔