بہاول پور:لائیوسٹاک چولستان کے زیر اہتمام دو روزہ چولستان میلہ مویشیاں اختتام پذیر

میلے میںصوبائی وزیر برائے کوآپرٹیو ملک محمد اقبال چنڑ نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی میلہ مویشیاں کے انعقاد کا مقصدچولستان جانوروں کی اصل نسل کو پرموٹ کرنا اور اس کی افزائش نسل کو بڑھانا ہے،صوبائی وزیر برائے کوآپرٹیو کا خطاب

جمعرات 25 مئی 2017 20:27

بہاول پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 مئی2017ء)لائیوسٹاک چولستان کے زیر اہتمام دو روزہ چولستان میلہ مویشیاں اختتام پذیر ہو گیا میلے میںصوبائی وزیر برائے کوآپرٹیو ملک محمد اقبال چنڑ نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی صوبائی وزیر امداد باہمی و چیئرمین چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی ملک محمد اقبال چنڑ نے اپنے خطاب میںکہا کہ میلہ مویشیاں کے انعقاد کا مقصدچولستان جانوروں کی اصل نسل کو پرموٹ کرنا اور اس کی افزائش نسل کو بڑھانا ہے جس کے لیے حکومت پنجاب وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر66 لاکھ ایکڑ رقبے پر پھیلے چولستان میں لاکھوں جانوروں کو مفت طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ایک میگا پراجیکٹ پر عمل کرر ہی ہے اور وزیر اعلیٰ کی خصوصی ہدایات پر 2 ارب37 کروڑ روپے کے سپیشل فنڈز سے سینکڑوں کلومیٹر طویل سڑکیں ،1100ٹوبہ جات کی بھل صفائی اور سینکڑوں کلومیٹر طویل میٹھے پانی کی پائپ لائنیں بچھانے کا کام جاری ہے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیرامداد باہمی ملک محمد اقبال چنڑ نے کہا کہ چولستان کے وسیع و عریض رقبے پر چولستانی صدیوں سے لائیو سٹاک کی افزائش ، فروغ و استحکام کے لیے اپنی شبانہ روز کاوشیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایات پر چولستان کے لائیو سٹاک کو جدید سائنسی خطوط پر استوار کرنے اور مویشیوں کو بہتر نگہداشت اور علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے 200 سے زائد افراد کو لائیو سٹاک کے شعبہ میں میرٹ پر بھرتی کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر کروڑوں روپے کی خطیر رقم سے چولستانی لائیو سٹاک کے علاج معالجے اورانہیں ادویات کی فراہمی کے لیے خصوصی موبائل ٹیمیں دور دراز علاقوں میں گھر گھر جا کر اپنی خدمات سرانجام دے رہی ہیںنے کہا ہے کہ چولستان کے لائیو اسٹاک کی بہتر نگہداشت اور علاج معالجہ کے لئے 5کروڑ روپے کی خطیر رقم سے ادویات فراہم کی گئی ہیں۔

چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کامحکمہ لائیو اسٹاک چولستانیوں کے مال مویشیوں کی دیکھ بھال اور رہنمائی کے لئے ہمہ وقت اپنی خدمات سرانجام دے رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ لائیو سٹاک کی ٹیمیں چولستان کے 1100ٹوبہ جات پر باقاعدگی سے مقررہ شیڈول کے مطابق پہنچ کر چولستان کے لائیو اسٹاک کی خدمت میں مشغول ہیں۔انہوںنے کہا کہ سخت گرمی کے موسم میں بھی چولستانیوں کو ہمہ وقت رہنمائی و آگاہی کا فریضہ بلاتعطل سرانجام دیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چولستان کی زمین بہت زرخیز ہے اور چولستانی بہت محنتی ہیں جو اپنی محنت ، لگن اور جذبہ سے ریت سے سونا اگلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔انہوں نے چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے محکمہ لائیو اسٹاک کے افسران کو ہدایت کی کہ چولستان کے باشندوں کی معاونت اور جدید خطوط پر آبادکاری کے لئے بین الاقوامی ڈونرز کو مدعو کیا جائے اور ڈونرز کو موسم سرما کی سیاحت کے بارے میں بریفنگ دی جائے اور زرمبادلہ میں چولستانیوں کا مساویانہ حق محفوظ کیا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ چولستان کی خصوصی گائے سے حاصل ہونے والا دودھ نہایت فرحت بخش، لذیذ اور مفید ہوتاہے جسے پورے ملک تک ترسیل کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں اور ٹیٹرا پیکنگ کے دودھ کی بجائے تازہ دودھ کے استعمال کی عادت کو اپنایا جائے۔قبل ازیں میلہ میں خوبصورت جانوروں کے مقابلاجات کرائے گئے جس میں دو سو سے زائد اونٹ ،گائے ،بھیڑ بکریوں نے حصہ لیا مہمان خصوصی نے جیتنے والے جانوروں کے مالکان کو ٹرافیاں اور کیش پرائز دیئے اس کے علاوہ رقص کرنے والے اونٹ ،گھوڑے اور بکری کو سپشل انعام دیا گیا تقریب سے ڈائریکٹر لائیوسٹاک فارمز پنجاب ڈاکٹر شیخ عبدالرحمن ،ڈائریکٹر ایکٹینشن اینڈ کمیونیکیشن ڈاکٹر آصف رفیق ،ونگ کمانڈر ڈیزرٹ رینجر کرنل راحیل ،ایس پی ڈیزرٹ رینجر ڈاکٹر عمران عاشق ،ڈائریکٹر چولستان لائیوسٹاک ڈاکٹر رب نوز کوثر ،ایڈیشنل ڈائریکٹر رحیم یار خان ڈاکٹر طاہر محمود بٹ ،ایڈیشنل ڈائریکٹر بہاول نگر ڈاکٹر حق نواز علی،ڈپٹی ڈائریکٹر کرانی والا ڈاکٹر محسن رضا،ڈائریکٹر ایل ٹی آر آئی بہادر پور اعجاز محمود گورسی ،ڈاکٹر امیر خان نیازی ،ڈاکٹر علی رضا عباسی،ڈاکٹر سہیل خان شیروانی ،ڈاکٹر اقبال مشتاق ڈاکٹر ریاض احمد انجم ڈاکٹر مسرت عباس ،ڈاکٹر غلام یاسین نے بھی خطاب کیا آخر میں چولستانیوں کے لیے میوزیکل نائٹ کا اہتمام کیا گیا جس میں چولستان کے مقامی گلوکاروں نے پرفارم کیا