معمار اسپورٹس ڈی ایم سی سینٹرل فٹ بال چمپئن شپ کے کوارٹر فائنل میں داخل

جمعہ 26 مئی 2017 18:04

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2017ء) ڈی ایف اے سینٹرل کے زیر اہتمام ڈی ایم سی سینٹرل فٹ بال چمپئن شپ میں معمار اسپورٹس نے رہبر اسپورٹس کے خلاف 8-1 کی ریکارڈ کامیابی حاصل کرکے کوارٹر فائنل میں اپنی نشست کو محفوظ بنالیا۔ فاتح ٹیم نے ایونٹ کی پہلی ڈبل ہیٹ ٹرک بنانے کا منفرد اعزاز حاصل کیا۔ آرگنائزنگ سیکرٹری محمد شمیم کے مطابق ایونٹ کے جملہ 40میچز میں سے 29میچز مکمل ہوگئے بقیہ 11میچز عیدالفطر کے بعد کھیلے جائیں گے۔

معمار اسپورٹس کے ہمراہ سکسٹین اسٹار نے بھی کوارٹر فائنل میں اپنی جگہ پکی کرلی ہے جبکہ ینگ پٹنی، فرینڈز کلب، غوثیہ اسپورٹس ، ہزارہ یونائیٹڈ، بلوچ اسٹار، نارتھ مسلم، گلشن سوکراور غازی پور جیم خانہ کی ٹیمیں پری کوارٹر فائنل کھیلنے کی راہ ہموار کرچکی ہیں۔

(جاری ہے)

گولڈن اسٹار فٹ بال گراؤنڈ نیوکراچی پر معمار اسپورٹس نے رہبر اسپورٹس کو ابتدا ہی سے دباؤ میں رکھا اور کسی بھی لمحہ اپنی کارکردگی کے ذریعے انہیں سنبھلنے کا موقع فراہم نہ کیا۔

فاتح ٹیم کے اسٹار اسٹرائیکر جمشید نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور دونوں ہاف میں ایک ایک ہیٹ ٹرک اسکور کی۔ اس طرح وہ ایونٹ میں ڈبل ہیٹ ٹرک بنانے والے پہلے کھلاڑی بنے۔ سردار اور ولی محمد نے معمار اسپورٹس کیلئے ایک ایک گول بنا کر اپنی ٹیم کو 8-1 کی فتح سے ہمکنار کیا۔ رہبر اسپورٹس کیلئے واحد گول ناصر نے پنالٹی کک پر اسکور کیا۔ ریفری عبدالرؤف، سعد کاظمی، کلیم حسین اور اسمٰعیل منصوری جبکہ میچ کمشنر سید خورشید علی شاہ تھے۔