گورنمنٹ مولا بخش ہسپتال کومثالی بنانے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں،کمشنرسرگودھا

بدھ 7 جون 2017 18:19

سرگودھا۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جون2017ء)کمشنر سرگودہا ڈویژن ندیم محبوب نے کہا ہے کہ گورنمنٹ میاں مولا بخش ہسپتال کو سرگودہا کامثالی ہسپتال بنانے اور مریضوں کی سہولیات کیلئے بھرپو راقدامات کئے جا رہے ہیں ، ہسپتال میں نرسری وارڈ کوفعال بنانے کیلئے متعلقہ اداروں جبکہ ہسپتال میں مریضوں او ران کے لواحقین کے بیٹھنے و پینے کے پانی کی فراہمی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی ہدایت کر دی ہے،ان خیا لا ت کا اظہا ر انہوں نے گورنمنٹ میاں مولابخش ہسپتال اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ٹیچنگ ہسپتال کی پرانی بلڈنگ کا دورہ کرتے ہوئے کیا ، کمشنر نے کہاکہ گورنمنٹ مولابخش ہسپتال گائنی مریضوں کیلئے سرگودہا ڈویژن کاسب سے بڑا ہسپتال ہے جہاں مریضوں کیلئے ضروری سہولیات کی فراہمی وقت کی اہم ضرورت ہے ، انہوں نے ایم ایس کو ہسپتال میں نرسری وارڈ کو جلد ی مکمل کرکے اسے فعال بنانے کی ضرورت پر زور دیا ،کمشنر نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ٹیچنگ ہسپتال بالائی حصے کے ایمر جنسی وارڈ کو گراؤنڈ فلور پر لانے کیلئے فزیبلٹی کے سلسلہ میں ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر عرفان فرید کے ساتھ تبادلہ خیال بھی کیا، اس موقع پر ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر عرفان فرید، ایم ایس مولابخش ہسپتال ڈاکٹر کیپٹن احمد نعیم شیخ اور ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر پرویز حیدر بھی کمشنر کے ہمراہ تھے۔