جامعہ سندھ جام شورو، 36 ملازمین کو ٹیکنیکل اسکیم کے تحت ترقیاں دی گئی ہیں،شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت نے ایک تقریب میں آرڈر تقسیم کیے

جمعرات 8 جون 2017 16:34

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جون2017ء) جامعہ سندھ جام شورو کے مختلف شعبوں کے 36 ملازمین کو ٹیکنیکل اسکیم کے تحت ترقیاں دی گئی ہیں شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت نے وائس چانسلر سیکرٹریٹ کے سینیٹ ہال میں منعقد کی گئی ایک تقریب میں آرڈر تقسیم کیے اس موقع پر ڈاکٹر برفت نے ترقی حاصل کرنے والے ملازمین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک محقق کی حیثیت میں اپنی اور اپنے ساتھیوں کی جانب سے مختلف جامعات پر کی گئی تحقیق کے نتائج کی روشنی میں اعتماد سے کہتے ہیں کہ جامعہ سندھ کے اساتذہ، افسران و ملازمین دیگر جامعات اور دوسرے سرکاری اداروں کے مقابلے میں زیادہ ایماندار، محنتی، جفاکش، قابل اور باصلاحیت ہیں انہوں نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ ان کی صحیح طریقے سے سرپرستی کی جائے اور ان کی قابلیت و صلاحیتوں کو درست سمت مہیا کرتے ہوئے انہیں ضروری مواقع فراہم کیے جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انہیں پورا یقین ہے کہ کچھ عرصے بعد وہ سب ان کا ساتھ دے کر جامعہ کو ایک بے مثال ادارہ بنانے میں بھرپور مدد کریں گے ڈاکٹر برفت نے کہا کہ ملازمین کسی بھی ادارے کی تعمیر و ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور کوئی بھی ادارہ محنتی ملازمین کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتا ڈاکٹر برفت نے مزید کہا کہ انہوں نے ملازمین کی محنت اور دیانتداری کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا ہے انہوں نے کہا کہ ہم سب کو ایمانداری اور خلوص دل سے مادر علمی کی خدمت کرنی چاہئے انہوں نے کہا کہ جامعہ سندھ اپنے ملازمین کے جائز مسائل کے حل کے لیے ہمیشہ آگے رہی ہے اس لیے ملازمین کو بھی اپنے فرائض ایمانداری سے سرانجام دینا ہونگے اس کے بعد تقریب میں ملازمین میں آرڈرز تقسیم کیے گئے اس موقع پر جامعہ سندھ کے رجسٹرار پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم چانڈیو، ڈائریکٹر فنانس محمد معشوق صدیقی اور ملازمین بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :