گورنر سندھ محمد زبیر کی کپتان سرفراز احمد کے گھر آمد ، بھائیوں سے ملاقات

پاکستانی ٹیم نے قوم کو عید سے قبل عید کی خوشیاں دیں،کپتان سرفراز احمد نے بیٹنگ کے ساتھ ساتھ بہترین کپتانی بھی کی، گفتگو

پیر 19 جون 2017 20:58

گورنر سندھ محمد زبیر کی کپتان سرفراز احمد کے گھر آمد ، بھائیوں سے ملاقات
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 جون2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کی کامیابی کے بعد کپتان سرفراز احمد کے گھر گئے اور ان کے بھائیوں سے ملاقات کرکے انھیں مبارک باد پیش کی اور تاریخی فتح کی خوشی میں کپتان سرفراز احمد کے بھائیوں کو مٹھائی بھی کھلائی اور جیت کا جشن منایا۔ اس موقع پر میئر کراچی وسیم اختر اور سابق ٹیسٹ کرکٹر شعیب محمد بھی موجود تھے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستانی ٹیم نے قوم کو عید سے قبل عید کی خوشیاں دیں ، چیمپئن شپ میں پوری ٹیم نے زبردست کھیل کا مظاہرہ کیا ، کھلاڑیوں نے کھیل کے ہر شعبہ میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا با لخصوص کپتان سرفراز احمد نے بیٹنگ کے ساتھ ساتھ بہترین کپتانی بھی کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پوری ٹیم متحد ہو کر ایک جذبہ سے کھیلی ، پہلے میچ میں روایتی حریف بھارت کے خلاف شکست کے باوجود پوری ٹیم نے بلند حوصلہ کا مظاہر ہ کیا اور ایونٹ کے باقی میچوں میں نا قابل شکست رہی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ جنون کی حد تک دیکھا جانے والا کھیل ہے با الخصوص روایتی حریف بھارت سے کھیلا جانے والا میچ عوام اپنے اعصاب پر سوار کرلیتے ہیں اور جیت پر جشن اور ہار پر دل برداشتہ ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فائنل میچ چونکہ روایتی حریف سے تھا اس لئے جیت کا مزہ بھی دوبالا ہو گیا ، آج پوری قوم خوشی سے جھوم رہی ہے۔گورنر سندھ نے کہا کہ مجھے قوی امید ہے کہ مستقبل میں بھی سرفراز بہترین کپتان ثابت ہو نگے۔

متعلقہ عنوان :