سینیٹر رحمان ملک (کل) جے آئی ٹی کے سامنے پیشی، شریف خاندان کی مبینہ منی لانڈرنگ سے متعلق اپنی تحقیقاتی رپورٹ دینگے

وزیر اعظم کے داماد کیپٹن صفدر (کل )جے آئی ٹی کو اپنا بیان ریکارڈ کرائیں گے،وفاقی جوڈیشل اکیڈمی اور جے آئی ٹی ارکان کی سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی

جمعرات 22 جون 2017 19:06

سینیٹر رحمان ملک (کل) جے آئی ٹی کے سامنے پیشی، شریف خاندان کی مبینہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جون2017ء) پاناما کیس کی تحقیقات کے لئے قائم مشترکہ تحقیقاتی ٹیم میں( کل )جمعہ کوسابق وزیر داخلہ سینیٹر رحمان ملک پیش ہونگے،سینیٹر رحمان ملک جے آئی ٹی کو شریف خاندان کی مبینہ منی لانڈرنگ سے متعلق اپنی تحقیقاتی رپورٹ دینگے، کل (ہفتہ کو) وزیر اعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن صفدر جے آئی ٹی کو اپنا بیان ریکارڈ کرائیں گے، دوسری طرف وفاقی جوڈیشل اکیڈمی اور جے آئی ٹی ارکان کی سیکیورٹی کو مزید سخت کر دیا گیا ہے ، تفصیلات کے مطابق پاناما کیس کی تحقیقات کے لئے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے واجد ضیاء کی سربراہی میں قائم مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کااجلاس وفاقی جوڈیشل اکیڈمی میں ہوا، اجلاس کی کارروائی میں وقفہ کر کے جے آئی ٹی کے ارکان واجد ضیا ء کی قیادت میں اپنی تیسری کار کردگی رپورٹ جمع کرانے سپریم کورٹ گئے ، عدالت میں رپورٹ جمع کرانے کے بعد تمام ارکان واپس جوڈیشل اکیڈمی پہنچے اور جے آئی ٹی کی کارروائی کو آگے بڑھایا گیا ، ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی نے سینیٹر رحمان ملک اور وزیر اعظم کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے لئے سوالنامہ تیار کر لیا ہے ،سینیٹر رحمان ملک آج (جمعہ کو) دوپہر اڑھائی بجے جے آئی ٹی میںپیش ہونگے اور شریف برادران کی منی لانڈٖرنگ سے متعلق نوے کی دہائی میں تیار کردہ اپنی تحقیقاتی رپورٹ جو رحمان ملک رپورٹ کے نام سے مشہور ہے جے آئی ٹی کو دینگے اور گواہ کی حیثیت سے اپنا بیان بھی ریکارڈ کرائیں گے ، دوسری طرف وزیر اعظم کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کل(ہفتہ کو) جے آئی ٹی میں پیش ہونگے اور وہ آج (جمعہ کو) سعودی عرب سے وطن واپس پہنچیں گے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی ارکان کی سیکیورٹی کو مزید سخت کرتے ہوئے جوڈیشل اکیڈمی کے باہر رینجرز کے دستے تعینات کر دیے گئے ہیں جبکہ واجد ضیاء سمیت جے آئی ٹی ارکان کی سیکیورٹی کو بھی سخت کر دیا گیا ہے ۔