حلقہ این اے 260سے پارٹی کے امیدوار جمال خان ترکئی کو اپنا قیمتی ووٹ دے کر کامیاب کرائیں، رحمت اللہ صابر

جمعرات 22 جون 2017 23:28

کوئٹہ۔22جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2017ء) پشتونخوامیپ کے زیر اہتمام ترین شار خلجی آباد میں ضلعی معاون رحمت اللہ صابر کی صدارت میں انتخابی جرگہ منعقد ہوا ۔ جس میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ جرگے سے پشتونخوامیپ کے دیگر رہنمائوں فاروق وطن شاد، ملک فرید کاکڑ اور نور الحق خلجی نے بھی خطاب کیا ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ حلقہ این اے 260سے پارٹی کے امیدوار جمال خان ترکئی کو اپنا قیمتی ووٹ دیکر کامیاب کرائیں۔

انہوں نے کہا کہ حلقہ پی بی6ایک وسیع وعریض حلقہ ہے لیکن اس باوجود گزشتہ چار سالوں میں پشتونخوامیپ اور اس کے ممبرا ن قومی وصوبائی اسمبلی نے نہایت محدود وسائل میں عوام کی مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے انہیں حل کرنے کی بھرپور انداز میں کوششیں کی ہیں اور پی بی6کے ہر علاقے میں ترقیاتی سکیمات مکمل کی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حلقہ پی بی6میں 100سے زائد نئے ٹیوب ویل گزشتہ چار سالوں کے دور ان نصب کیئے گئے جس سے پینے کے پانی کا مسئلہ کافی حد تک حل ہوگیا ہے ۔

تعلیم کے میدان میں اہم خدمات سرانجام دی گئی ہیں۔ 100سکولوں میں بنیادی تعلیمی سہولیات فراہم کی گئی ہے 30نئے سکولز اور پرانے سکولوں کی اپ گریڈیشن کی گئی ہے۔ درجنوں بنیادی صحت کے مراکز قائم کیئے گئے ہیں۔ حیوانات کا ہسپتال علاقے کے عوام کا دیرینہ مسئلہ تھا جسے حل کیا گیاہے ۔ 80سے زائد دیہاتوں کو بجلی کی فراہمی ممکن بنائی گئی ہے ۔ زیر زمین پانی کی سطح پر بہتر بنانے کیلئی24نئے ڈیمز تعمیر کیئے گئے ہیں۔

اس کے علاوہ حلقہ پی بی6میں بڑے پیمانے پر سڑکیں بنائی گئی ہے اور سیوریج کے نظام کو پہلے کی نسبت کافی بہتر کیا ہے ۔ علاقے میں عوام کیلئے ایمبولینس سروس شروع کی گئی ہے جس سے مریضوں کو بروقت ہسپتال پہنچانے میں مدد ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخوامیپ اسی جذبے سے عوام کی خدمت جاری رکھے گی اب یہ عوام کا فریضہ ہے کہ وہ اپنے قومی شعور کی بنیاد پر 15جولائی کو پشتونخوامیپ کے امیدوار جمال خان ترکئی کی کامیابی کیلئے اپنا تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں۔

متعلقہ عنوان :