صوابی، دوسری جماعت کا طالبعلم شدید گرمی، بجلی کی عدم فراہمی کی وجہ سے ہیٹ سٹروک کا شکار ہو کر جاں بحق ہوگیا

ہفتہ 1 جولائی 2017 16:39

صوابی، دوسری جماعت کا طالبعلم شدید گرمی، بجلی کی عدم فراہمی کی وجہ ..
صوابی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جولائی2017ء) موضع پر مولی ضلع صوابی میں گورنمنٹ پرائمری سکول کے دوسری جماعت کا آٹھ سالہ طالب علم خیام خان سکول میں حاضری کے دوران شدید گرمی اور بجلی کی عدم فراہمی کی وجہ سے ہیٹ سٹروک کا شکار ہو کر موت کے آغوش میں چلا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ضلعی انتظامیہ اور محکمہ تعلیم ضلع صوابی کے مشترکہ اجلاس میں گر میوں کے چھٹیوں سے قبل فیصلہ ہواتھا کہ موسم گرما کی چھٹیوں کے دوران سرکاری سکولوں میں ہر پندرہ روز بعد سٹاف اور طلباء کی حاضری کو یقینی بنا یا جائیگا تاکہ طلباء کو چھٹیوں کے لئے دیئے گئے ہوم ورک کو چیک کیا جا سکے اور انہیں دوسرے مرحلے کا ہوم ورک دیا جا سکے۔

جس پر ضلع صوابی میں محکمہ تعلیم نے عملدرآمد کیا اور ہفتہ یکم جولائی کو ضلع بھر کے تمام سرکاری سکولز کھلے رہے اس میں متعلقہ سٹاف اور بچے بھی حاضر ہوئے چونکہ گذشتہ دو یوم سے ضلع بھر میں شدید لوڈ شیڈنگ اور گرمی کے شدت میں اضافہ ہوا ہے مگر پھر بھی ڈی ای او مر دانہ ضلع صوابی نے اس کو نظرا نداز کر تے ہوئے یکم جولائی کو سکول سٹاف اور طلباء کی حاضری کا سخت حکم نامہ جاری کر دیا ۔

(جاری ہے)

جس پر ہفتہ کے روز گورنمنٹ پرائمری سکول پر مولی ہفتہ کے روز کھلا رہا سٹاف اور طلباء حاضر رہے لیکن سکول میں بجلی کی عدم دستیابی اور شدید ترین گرمی کی وجہ سے جماعت دوم کا آٹھ سالہ بچہ خیام خان جو کہ انتہائی غریب گھرانے سے تعلق رکھتا ہے ہیٹ سٹروک کا شکار ہو کر سکول میں اپنے ہی کلاس روم میں دم توڑ گیا۔عوامی حلقوں نے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ تعلیم ضلع صوابی سے اس فیصلے پر نظر ثانی اور ہر پندرہ روز بعد سرکاری سکولوں میں بچوں کی حاضری کے فیصلے کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ گر می کی شدت کی وجہ سے مزید بچوں کی زندگیاں ضائع نہ ہو سکے ورنہ اس کی ذمہ داری محکمہ تعلیم ضلع صوابی پر ہو گی ۔

متعلقہ عنوان :