پاکستان میں دہشت گردی کے فروغ کے لیے بھارت افغانستان کی سرزمین استعمال کر رہا ہے ،ْ ترجمان دفتر خارجہ

بھارتی جاسوس کلبھوشن جادیو کا پاکستانی حدود سے پکڑا جانا اور اپنے جرائم کا اعتراف کرنا واضح ثبوت ہے ،ْ نفیس زکریا

ہفتہ 1 جولائی 2017 23:21

پاکستان میں دہشت گردی کے فروغ کے لیے بھارت افغانستان کی سرزمین استعمال ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جولائی2017ء) دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے کہا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کے فروغ کے لیے بھارت افغانستان کی سرزمین استعمال کر رہا ہے ،ْبھارتی جاسوس کلبھوشن جادیو کا پاکستانی حدود سے پکڑا جانا اور اپنے جرائم کا اعتراف کرنا واضح ثبوت ہے ۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی پھیلانے سمیت دہشت گردوں کی مالی معاونت میں بھی ملوث رہا ہے اور بھارتی جاسوس کلبھوشن جادیو کا پاکستانی حدود سے پکڑا جانا اور اپنے جرائم کا اعتراف کرنا اس بات کا واضح ثبوت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف بھارتی تخریب کاری کا منصوبہ بھارتی جاسوس کلبھوشن جادیو کے پکڑے جانے اور احسان اللہ احسان کے اعترافی بیان کے بعد بے نقاب ہو چکا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ پاکستان میں دہشت گردی کے فروغ کے لیے بھارت افغانستان کی سرزمین استعمال کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سمیت عالمی برادری کو مقبوضہ وادی میں بھارتی ظلم و بربریت اور انسانی حقوق کی سر عام خلاف ورزیوں کے بارے میں آگاہ کیا ہے۔

نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ کشمیری اپنے بنیادی حق حق خود ارادیت کے لیے کوشاں ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے کہا کہ انسانی حقوق کی بدترین کارروائیوں پر دنیا کی خاموشی افسوسناک ہے، مقبوضہ وادی میں تشدد اور قتل و غارت عالمی برادری کی آنکھیں کھولنے کیلئے کافی ہے، کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینے کی بجائے ان کے سینے چھلنی کئے جا رہے ہیں۔

نفیس زکریا نے کہا کہ آزادی کی تحریکیں جبر و تشدد سے دبتی نہیں ابھرتی ہیں، کشمیریوں نے اپنے خون سے حق خود ارادیت کی تحریک کو زندہ رکھا ہے، بھارت غاصب کے طور پر کشمیر پر اپنا تسلط قائم رکھنا چاہتا ہے، کشمیریوں نے قربانیوں کی تاریخ رقم کر کے ثابت کیا کہ وہ آزادی کے سوا کچھ نہیں چاہتے۔ ترجمان دفترخارجہ کا مزید کہنا تھا کہ کشمیریوں کی نسل کشی بھارت کو مہنگی پڑے گی۔